شملہ 28فروری:ہماچل پردیش میں راجیہ سبھا انتخاب کے دوران کانگریس کے کئی ارکان اسمبلی کے بی جے پی امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کے بعد کانگریس کے قومی صدر ملکا رجن کھڑگے نے بی جے پی پر اپوزیشن پارٹیوں کو توڑنے کا الزام لگا یا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن پارٹیوں کی حکومتوں کو اسی طرح غیرمستحکم کیا جاتا رہا تو ملک میں جمہوریت ختم ہو جائے گی۔ نیوز چینل ’ٹی وی 9‘ کی ایک پروگرام میں ملکا رجن کھڑگے نے کہا کہ کانگریس ’انڈیا‘ الائنس میں شامل تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی چاہے کتنی ہی کوشش کرلیں یہ اتحاد ٹوٹنے والا نہیں ہے۔ ہماچل پردیش کی صورت حال پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ اگر آپ منتخب حکومت کو توڑتے اور اسے غیر مستحکم کرتے ہیں توبھلا یہ کیسی جمہوریت ہے؟ اس سے پہلے مدھیہ پردیش، کرناٹک، منی پور اور گوا وغیرہ میں ایسا ہو چکا ہے۔ اگر آپ کو لوگ منتخب نہیں کرتے ہیں تو آپ لوگوں کو ڈرا کر اور دھمکا کر کام کرتے ہیں، کیا یہی جمہوریت ہے؟ کھڑکے نے کہا کہا ’’اگر وہ (بی جے پی) ایسا کرتے رہے تو ایک دن جمہوریت اور آئین کو ختم کر دیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اگر آپ کو اکثریت ملی ہے تو آپ حکومت کیجئے، مگرلوگوں کو ڈرا دھمکا کر اگر کوئی کام کرتے ہیں تو یہ جمہوریت میں نہیں چلتا ہے۔‘‘ کرناٹک سے متعلق ملکا رجن کھڑگے نے کہا کہ ’’کرناٹک میں ’کراس‘ ووٹنگ نہیں ہوئی۔ ہمیں جتنی تعداد چاہئے تھی وہ آگئی اور ہمارے تینوں امیدوار کامیاب ہوگئے۔‘