بی جے پی-آر ایس ایس میں کوئی کسان نہیں

0
1

نئی دہلی2اکتوبر:ہریانہ میں اسمبلی انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے انتخابی تشہیر کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کو پُرزور انداز میں ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی انتخاب کے وقت طرح طرح کے وعدے کر رہی ہے، جبکہ گزشتہ دس سال سے حکومت میں رہتے ہوئے اس نے کچھ بھی نہیں۔ ڈبل انجن کی یہ حکومت پوری طرح سے فیل ہو چکی ہے۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ بی جے پی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے ہریانہ کی عوام نے کانگریس کو اقتدار میں واپس لانے اور بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنے کا عزم کر لیا ہے۔یہ بیان کانگریس صدر کھڑگے نے بدھ کے روز چرکھی دادری کے باڈھڑا میں پارٹی امیدوار سومویر سنگھ کی حمایت میں منعقد جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ اس دوران ان کے ساتھ ہریانہ اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا، رکن پارلیمنٹ ناصر حسین، سابق گورنر ستیہ پال ملک سمیت کئی کانگریس لیڈران موجود تھے۔ اس جلسۂ عام سے خطاب کرنے کے بعد کھڑگے نے ہانسی میں پارٹی امیدوار راہل مکڑ کی حمایت میں بھی ایک تقریب سے خطاب کیا۔جلسۂ عام میں موجود بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے نہ صرف ہریانہ کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے، بلکہ اپنے سبھی وعدوں سے بھی پیچھے ہٹ گئی۔