بیٹیوں کو انصاف دلانے میں ناکام ثابت ہوئے وزیر اعظم

0
12

نئی دہلی یکم جون: کرناٹک کے ہاسن پارلیمانی حلقہ سے رکن پارلیمنٹ اور این ڈی اے امیدوار پرجول ریونّا کے جنسی استحصال معاملے سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر آج کانگریس نے حیرانی کا اظہار کیا۔ مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ’بیٹی بچاؤ‘ کا نعرہ دیتے ہیں، لیکن بڑے پیمانے پر زنا کرنے والے پرجول ریونّا سے متعلق آج تک اپنی خاموشی نہیں توڑی۔ یہ بیان الکا لامبا نے آج نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے ریونّا کی گرفتاری پر کرناٹک کی کانگریس حکومت کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پرجول ریونّا کو کرناٹک حکومت کے ذریعہ تشکیل ایس آئی ٹی کے ذریعہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ کام ایس آئی ٹی کے ذریعہ تشکیل خاتون پولیس ٹیم نے کیا ہے۔ الکا لامبا کا کہنا ہے کہ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھ کر کہا تھا کہ ملک چھوڑ کر بھاگ چکے پرجول ریونّا کو واپس لایا جائے۔ لیکن مودی نے وزیر اعلیٰ کے خط کا کوئی جواب نہیں دیا۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ پرجول ریونّا کے معاملے پر مودی کتنے سنجیدہ تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ راہل گاندھی نے خط لکھ کر متاثرہ خواتین کو انصاف کا یقین دلایا تھا اور نریندر مودی سے یہ سوال بھی پوچھا تھا کہ وہ بڑے پیمانے پر زنا کرنے والے کو کیوں بچا رہے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے بھی ریونّا معاملہ پر نریندر مودی کی خاموشی پر سوال اٹھائے تھے، لیکن ان پر کوئی فرق نہیں پڑا۔ پریس کانفرنس میں الکا لامبا نے یہ بھی کہا کہ ریونّا معاملہ پر سینکڑوں لوگوں نے آواز اٹھائی۔ کرناٹک بی جے پی کے ایک لیڈر نے پرجول ریونّا کی سینکڑوں ویڈیوز کے بارے میں بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کو جانکاری دی تھی۔ اس کے باوجود نریندر مودی نے اسٹیج پر کھڑے ہو کر ریونّا کے لیے ووٹ مانگے۔ وزیر اعظم کو جواب دینا ہوگا کہ سب کچھ جان کر بھی صرف ووٹوں کے لیے انھوں نے سینکڑوں بیٹیوں کا استحصال کرنے والے حیوان کے لیے انتخابی تشہیر کیوں کی۔ وزیر اعظم کی آخر ایسی بھی کیا مجبوری تھی۔