ہرارے، 18 فروری (یو این آئی) بین کرن (ناٹ آؤٹ 118) کی سنچری اور کپتان کریگ ارون کی (ناٹ آؤٹ 69) کی نصف سنچری اننگز کی مدد سے زمبابوے نے منگل کو تیسرے ایک روزہ مقابلے میں آئرلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔اس کے ساتھ ہی زمبابوے نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔241 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری زمبابوے کے لئے برائن بینیٹ اور بین کرن کی اوپننگ جوڑی نے شانداز آغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 124 رنز جوڑے۔ گریم ہیوم نے 20ویں اوور میں برائن بینیٹ (48) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے کپتان کریگ ایروائن نے بین کرن کے ساتھ اننگ کو سنبھالا اور تیزی سے رنز بنائے۔ بین کرن نے 130 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 118 رنز بنائے۔ کریگ ایروائن نے 59 گیندوں میں 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 69 رنز بنائے۔ زمبابوے نے 39.3 اوورز میں 246 رنز بنا کر نو وکٹوں سے میچ جیت لیا۔اس سے قبل آج یہاں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔
بلے بازی کرنے اتری آئرلینڈ کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اس نے 42 کے اسکور پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ کپتان پال اسٹرلنگ (9) اور کرٹس کیمفر 11 رن بناکرآؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ہیری ٹییکٹر بیٹنگ کے لیے آئے اور اینڈی بالبرنی کے ساتھ اننگ کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 86 رنز کی شراکت ہوئی۔ ویلنگٹن مساکڈزا نے 33ویں اوور میں اینڈی بالبرنی کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اینڈی بالبرنی نے 99 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 64 رنز بنائے۔ اس کے بعد رچرڈ اینگاروا نے 39ویں اوور میں ہیری ٹییکٹر (51) کو آؤٹ کیا۔ جارج ڈوکریل دو رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ لورکن ٹکر نے 54 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ وہ 50ویں اوور میں بلیسنگ مزربانی کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ آئرلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں پر 240 رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگروا اور ٹریور گوانڈو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ بلیسنگ مزاربانی اور ویلنگٹن مساکڈزا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔