پٹنہ، 12 جنوری (یو این آئی) بہار کی خوشبو کماری نے خواتین کی قومی ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 اور 71 کلوگرام زمرے میں دو طلائی تمغے جیتے ہیں۔
محکمہ کھیل کے ذرائع نے اتوار کو یہاں بتایا کہ بہار کے باصلاحیت کھلاڑیوں نے قومی سطح کے مقابلوں میں اپنی شاندار کارکردگی سے ریاست کا نام روشن کیا ہے۔ خوشبو کماری نے برہام پور، اڈیشہ میں منعقدہ اشمتا کھیلو انڈیا خواتین کی قومی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جونیئر اور سینئر خواتین کے اسنیچ 75 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک 71 کلوگرام ویٹ کیٹگری میں دو گولڈ میڈل جیتے۔ ان کی کارکردگی ریاست کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔اسی طرح بریلی، اترپردیش میں منعقدہ سینئر نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں عثمان سلطان انصاری نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں 5-0 سے جیت درج کرکے بہار کے لیے ایک تمغہ یقینی بنایا۔ان کے علاوہ شالنی نے بھی شاندار پرفارمنس دی۔
انہوں نے جونیئر زمرے میں چاندی کا تمغہ اور سینئر زمرے میں 76 کلوگرام ویٹ کیٹگری میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ شالنی نے اسنیچ میں 78 کلو اور کلین اینڈ جرک میں 98 کلو وزن اٹھایا۔ انہوں نے یہ تمغے اشمیتا کھیلو انڈیا چیمپئن شپ میں جیتے۔محکمہ نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کی کارکردگی نے نہ صرف بہار بلکہ پورے ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
یہ حصولیابی دیگر نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے کی ترغیب دے گی۔