نئی دہلی، 21 نومبر (یو این آئی) نوجوانوں کے امور اور کھیل کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے جمعرات کو کہا کہ بہار اگلے سال اپریل میں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2025 کی میزبانی کرے گا۔مسٹر مانڈویہ نے کہا، “وزیر اعظم مسٹرنریندر مودی کا وژن ہے کہ کھیلو انڈیا گیمز کو ملک کے کونے کونے تک پہنچایاجائے۔ اس ویژن کے مطابق بہار کھیلوں کے ایک نہیں بلکہ دو ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔ 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے میں کھیل اہم رول ادا کریں گے۔ “بہار نے حال ہی میں کھیلوں کے بڑے مقابلوں کی میزبانی کرنے کی اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔” بہار میں سمر اولمپکس کی طرز پر پہلی بار کھیلو انڈیا پیرا گیمز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ پیرا گیمز یوتھ گیمز کے بعد ہوں گے اور دونوں گیمز کے درمیان 10 سے 15 دن کا وقفہ ہوگا۔ پیرا گیمز کا پہلا ایڈیشن گزشتہ سال دہلی میں منعقد ہوا تھا۔انہوں نے کہا، “ہم ایتھلیٹس کو ملک بھر میں دستیاب سہولیات کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ بہار کا بھرپور ثقافتی تنوع بھی ہر ایک کے لیے ایک اہم کشش ہے۔ ایک مضبوط قوم کی تعمیر کے لیے ریاست کے ورثے کو قبول کرنا اور اس کا جشن منانا ضروری ہے۔ بہار میں 38 کھیلو انڈیا سینٹرز اور ایک کھیلو انڈیا اسٹیٹ سینٹر آف ایکسی لینس ہے جو ہر سطح پر کھلاڑیوں کی خدمت کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ایس اے آئی کے تین تربیتی مراکز بھی ہیں۔