بھونیشور6مارچ:اڈیشہ کے تمام سرکاری اسکولوں کو زعفرانی (بھگوا) رنگ میں رنگنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کے لیے نئے رنگ کی اسکیم بنائی ہے، جس کے تحت اسکولوں کے رنگ کو پہلے کے ہرے اور سفید سے بدل کر زعفرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پچھلی بی جے ڈی حکومت نے سبھی سرکاری عمارتوں پر ہرا اور سفید رنگ چڑھایا تھا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ حال ہی میں ریاستی حکومت نے سیکنڈری اسکول کے طلبا کے یونیفارم کا رنگ بھی تبدیل کیا تھا۔ بہرحال، گزشتہ بی جے ڈی حکومت نے سرکاری اسکولوں کو ہرے اور سفید رنگوں سے رنگا تھا، جو بی جے ڈی پارٹی کا رنگ ہے۔ اب یہ رنگ سرکاری اسکولوں پر نظر نہیں آئیں گے۔ اڈیشہ اسکول ایجوکیشن پروگرام اتھارٹی (او ایس ای پی اے) نے تمام کلکٹرس مع مجموعی تعلیم سربراہان سے کہا ہے کہ وہ تعمیر، مرمت اور تزئین کے کاموں کے دوران ’پی ایم شری اسکولوں‘ سمیت تمام سرکاری اسکولوں میں منظور شدہ رنگ کوڈ کو اپنانے کے لیے علاقائی افسران کو مناسب ہدایات جاری کریں۔ یہ ہدایات ’اڈیشہ آدرش ودیالیوں‘ پر بھی نافذ ہوتا ہے۔ اسکولی عمارتوں کی دیواروں کو ’نارنجی فراسٹ‘ اور کناروں کو ’نارنجی ٹین‘ رنگ سے رنگا جائے گا۔ او ایس ای پی اے کی ڈائریکٹر اننیا داس نے اس تعلق سے کہا کہ اسکولوں کی تعمیر، مرمت اور تزئین کے دوران اب سے یونیفارم رنگ کوڈ اپنانے کے لیے کہا گیا ہے۔ گزشتہ سال ریاستی حکومت نے ’چیف منسٹر اسٹوڈنٹس اپیرل اسکیم‘ (وزیر اعلیٰ طلبا لباس منصوبہ) کے تحت سیکنڈری اسکول کے طلبا کے لیے یونیفارم کا رنگ اور ڈیزائن سفید اور ہرے رنگ سے بدل کر ہلکا بھورا اور میرون کر دیا تھا۔ اسکول اور ماس ایجوکیشن کے وزیر نتیانند گونڈ نے تب کہا تھا کہ اسکولوں کی عمارتوں کا رنگ بھی جلد ہی بدل جائے گا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں محکمہ تعمیرات نے تمام سرکاری عمارتوں کے لیے یکساں رنگ کوڈ بنایا تھا، جس میں بیرونی دیواروں پر ’نارنجی رنگ‘ اور عمارتوں کی حدود کے لیے ’لال رنگ‘ کی بات کہی گئی تھی۔
تمام انجینئرنگ سربراہوں کو لکھے گئے خط میں محکمہ نے کہا کہ حکومت نے تمام نئی سرکاری عمارتوں اور وقتاً فوقتاً مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں کے دوران موجودہ عمارتوں کے لیے نئے رنگ کوڈ کو اپنانے کی منظوری دے دی ہے۔