بھوپال میں عیدالاضحی کی تیاریاں تیز

0
24

بھوپال:13؍جون :دنیا بھرسے سعودی عرب پہنچے عازمین حج جمعرات سے پانچ اہم ارکان کی ادائیگی کے لئے اللھم لبیک کی صدا کے ساتھ مکہ مکرمہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں ۔ ادھر راجدھانی بھوپال میں بھی 17 جون کو منائی جانے والی عیدالاضحی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ساتھ ہی قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت بھی تیز ہوگئی ہے۔ ایم پی حج کمیٹی کے چیئرمین فعت وارثی نے بتایا کہ سینٹرل حج کمیٹی کے ذریعہ اس مرتبہ ریاست کے لئے 7ہزار عازمین کا کوٹہ جاری کیاگیا تھا۔ جس کے بعد دیگرصوبوں سے ملنے والے اضافی کوٹے سے بھی عازمین حج کو حج پر جانے کا موقع ملا۔ جس کےبعد ایم پی سے تقریباً حج کے لئے سعودی عرب پہنچے ہیں۔ یہ ایم پی سے اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ حج کے پہلے دن کعبہ شریف کے ارد گرد چکر لگاکر سات مرتبہ طواف کرتے ہیں ، اس کے بعد صفا اور مروہ نامی دو پہاڑیوں کے درمیان سات چکر لگاتے ہیں، اس کے بعد حاجی منیٰ شہر میں پہنچتے ہیں اور رات میں نماز ادا کرتے ہیں، دوسرے دن میدان عرفات پہنچتے ہیں جہاں وہ اپنے گناہوں کی معافی کے لئے اللہ کے سامنے گڑگڑاتے ہیں۔ پھر وہ مزدلفہ کے میدانی علاقے میں پوری رات قیام کرتے ہیں۔ تیسرے روز حاجی جمارات پر کنکر مارنے کے لئے دوبارہ منیٰ لوٹتے ہیں۔ جمارات تین پتھروں کا ایک اسٹریکچر ہے۔ اس کے بعد حاجی سرمنڈواتے ہیں یا بال کٹواتے ہیں۔ حج کے آخری دن عیدالاضحی منائی جاتی ہے اورجانوروں کی قربانی کر گوشت غریبوں اورمسکینوں میں تقسیم کیا جاتا ہے ۔ یہ عمل حضرت ابراہیم ؑ کی یاد میں کیا جاتا ہے۔ ادھر راجدھانی بھوپال میں بدھوارہ،جہانگیرآباد، عیش باغ، بھوپال ٹاکیز، شاہجہاں آباد، عارف نگر، بھانپور اورسبھاش نگر سمیت کئی مقامات پر بکروں کی خریدوفروخت جاری ہے۔ اس سال جانوروں کی قیمتیں گزشتہ سال کے مقابلے ڈیڑھ گنا تک بڑھی ہوئی ہیں۔ قربانی لائق بکروں کی کم از کم قیمت 15ہزار روپے سے شروع ہے۔ جبکہ زیادہ سے زیادہ قیمت لاکھوں روپے میں ہے۔ قاضی شہر مولانا سید مشتاق علی ندوی نے نماز عیدالاضحی کا وقت طے کردیا ہے۔ انہوں نے قربانی کے وقت اوراس کے بعد صاف صفائی کاخصوصی خیال رکھنے کی تاکید کی ہے۔