بھوپال، 30 جنوری (رپورٹر) بھوپال میں ایک باپ نے اپنی 8 سالہ بیٹی کا منہ دبا کر گلا گھونٹ دیا۔ اس کے بعد اسے مردہ سمجھ کر جھاڑیوں میں پھینک دیا۔ ہوش میں آنے کے بعد لڑکی خون میں لت پت سڑک پر پہنچی اور مدد مانگی۔ اس کے بعد پولیس زخمی لڑکی کو اسپتال لے گئی۔پولیس نے قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کر کے ملزم باپ کو گرفتار کر لیا ہے۔
معلومات کے مطابق یہ واقعہ کوہ فضا علاقے میں واقع ملن شادی ہال کے قریب پیش آیا۔ پیر کی رات تقریباً 10 بجے اس کے والد تیج سنگھ لودھی 8 سالہ بیٹی پریتی لودھی کو بڑے والد کے گھر لے جانےکا کہہ کر اپنے ساتھ لے گئے۔ اس کے بعد ملزم باپ نے ملن شادی ہال کے قریب لڑکی کا منہ دبایا اور گلا ریت دیا۔ بے ہوش بیٹی کو مردہ سمجھ کر جھاڑیوں میں پھینک دیا۔ لیکن جیسے ہی اسے ہوش آیا خون میں لت پت لڑکی جھاڑیوں سے اٹھ کر سڑک پر آگئی۔ لڑکی کی گردن سے خون بہہ رہا تھا۔ لڑکی نے قریب سے گزرنے والے موٹر سائیکل سوار سے مدد مانگی۔ اس کے بعد پولیس کو معاملے کی معلومات ملی۔ پولیس اسے حمیدیہ ہسپتال لے گئی۔ ملزم والد ٹینٹ ہاؤس میں کام کرتا ہے۔ ٹیلا جمال پورہ میں کرائے کے مکان میں رہتا ہے، اصلاً وہ ساگر کا رہنے والا ہے۔ تھانہ انچارج برجیندر مرسکولے نے بتایا کہ ملزم سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ ملزم نے بتایا ہے کہ وہ لڑکی سے بہت پریشان تھا، وہ دن بھر اسے تنگ کرتی تھی۔ جب اس کی بات نہیں سنی تو اس نے واردات کو انجام دیا۔ فی الحال وجہ پوری طرح واضح نہیں ہے۔ پریتی لودھی اپنی پہلی بیوی سے تیج سنگھ کی بیٹی ہے۔