بریڈا، 23 مئی (یو این آئی) ہندوستان کی مردوں اور خواتین کی جونیئر ہاکی ٹیموں کو یورپ کے جاری دورے پر بیلجیئم کی ٹیموں کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بدھ کو کھیلے گئے میچوں میں ہندوستان کی دونوں جونیئر ٹیمیں بیلجیئم کی ٹیموں کے خلاف 2-3 کے اسی فرق سے ہار گئیں۔ خواتین ٹیم کے لیے دونوں گول بنیما دھن (49ویں، 58ویں منٹ) نے کئے۔ جبکہ مردوں کی ٹیم کے لیے دونوں گول کپتان روہت (44ویں، 57ویں منٹ) نے کئے۔پہلے کوارٹر میں ہندوستانی جونیئر خواتین کی ہاکی ٹیم کو ابتدائی طور پر دو پنالٹی کارنر ملے لیکن وہ ان کا فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ بیلجیئم نے دوسرے کوارٹر میں زوردار حملہ کیا اور میچ کے ہاف ٹائم میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ اس کے بعد بیلجیئم نے تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں برتری 3-0 کر دی۔ ہندوستانی ٹی کی بنیما دھان نے آخری کوارٹر (49ویں اور 58ویں) منٹ میں دو گول کرکے اسکور 3-2 کردیا۔جونیئر مینز میچ میں بیلجیئم نے پہلے کوارٹر میں ایک گول کر کے برتری حاصل کر لی۔ ہندوستانی ٹیم نے دوسرے کوارٹر میں برابری کی بھرپور کوشش کی لیکن بیلجیئم نے برتری کو دوگنا کر کے اسکور کو 2-0 کر دیا۔ کپتان روہت (44ویں) نے تیسرے کوارٹر کے اختتام پر گول کر کے گول کے فرق کو کم کیا۔ تاہم بیلجیئم نے پنالٹی کارنر سے تیسرا گول کر کے اپنی دو گول کی برتری دوبارہ حاصل کر لی۔ اس کے بعد کپتان روہت نے پھر (57ویں) منٹ میں گول کیا۔
اس کے بعد بیلجیئم نے اپنی برتری برقرار رکھی اور ہندوستانی جونیئر مینس ٹیم کو 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔خواتین کی ٹیم اگلی بار 24 مئی کو اینٹورپ میں بیلجیئم کے خلاف کھیلے گی، جبکہ مردوں کی ٹیم جمعرات کو ہی بریڈا میں بریڈیز ہاکی ویرینینگ پش کا مقابلہ کرے گی۔