نئی دہلی، 20 دسمبر (یو این آئی) ہندوستان اگلے سال پیرا ایتھلیٹکس ورلڈ چمپئن شپ 2025 کی میزبانی کرے گا۔ ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس (ڈبلیو پی اے) نے ہندوستان کو عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی دئے جانے کا اعلان کیا ہے۔ ڈبلیو پی اے نے کہا کہ پیرا ایتھلیٹکس ورلڈ چیمپئن شپ کے تمام میچ 26 ستمبر سے 5 اکتوبر تک دارالحکومت کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ہندوستان میں اس طرح کی عالمی اسپورٹس چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ ڈبلیو پی اے کے سربراہ پال فٹزجیرالڈ نے کہا: ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ لاس اینجلس 2028 کی طرف نئے پیرا اولمپک سائیکل کی پہلی بڑی چیمپئن شپ نئی دہلی میں منعقد کی جائے گی۔ پیرا ایتھلیٹکس ورلڈ چیمپیئن شپ 2025 ہندوستان میں منعقد ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا بین الاقوامی پیرا اسپورٹس ایونٹ ہوگا، جو ہمارے کھیل، ہمارے مداحوں کی بنیاد بڑھانے اور دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں معذور افراد کے بارے میں معاشرہ کے جذبہ کو متاثر کرنے کا ایک بڑا موقع ہوگا۔ پیرا ایتھلیٹکس ورلڈ چیمپئن شپ 2025 میں 100 سے زائد ممالک کے پیرا ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔ یہ اس چیمپئن شپ کا 12 واں ایڈیشن ہے اور چوتھی بار کسی ایشیائی ملک کو اس کی میزبانی ملی ہے۔ اس سے قبل قطر، متحدہ عرب امارات اور جاپان پیرا ایتھلیٹکس ورلڈ چیمپئن شپ کی میزبانی کر چکے ہیں۔ اس چمپئن شپ کے علاوہ ہندوستان کو ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس گراں پری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ہندستان کو پہلی بار اس کی میزبانی بھی ملی ہے، اس کا اہتمام 11 سے 13 مارچ تک دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں کیا جائے گا۔ نیشنل پیرا اولمپک کمیٹی آف انڈیا (این پی سی انڈیا) نے ایک بیان میں کہا، “این پی سی انڈیا کو پہلی بار ہندوستان میں پیرا ایتھلیٹکس ورلڈ چیمپئن شپ کی میزبانی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ یہ تاریخی واقعہ ہندوستان کے کھیلوں کی عالمی سپر پاور بننے کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے اور 2036 کے اولمپک اور پیرا اولمپک گیمز کی میزبانی کے لیے ہماری کوشش کو مضبوط کرتا ہے۔