سڈنی، 5 جنوری (یواین آئی) اسکاٹ بولینڈ (چھ وکٹ) کے بعد عثمان خواجہ (41)، بو ویبسٹر (39 ناٹ آؤٹ) اور ٹریوس ہیڈ (34) کی شاندار اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے اتوار کو پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔آج یہاں، ہندوستان کے اسٹار تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے کمر کی جکڑن کی وجہ سے آسٹریلیا کی دوسری اننگ میں گیند بازی نہیں کی اور آسٹریلیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں ٹیسٹ میچ میں جیت درج کرتے ہوئے بارڈر-گاوسکر ٹرافی بھی 3-1 سے اپنے نام کر لی ہے۔ آسٹریلیا نے 10 سال بعد بارڈر گواسکر ٹرافی دوبارہ اپنے نام کر لی ہے۔ اسکاٹ بولینڈ ‘پلیئر آف دی میچ’ جبکہ جسپریت بمراہ کو ‘پلیئر آف دی سیریز’ کا ایوارڈ دیا گیا۔162 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری آسٹریلیا کے لئے سیم کونسٹاس اور عثمان خواجہ کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 39 رنز جوڑے۔ چوتھے اوور میں پرسدھ کرشنا نے کوسٹان (22) کو آؤٹ کر کے ہندستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد مارنس لیبوشگن (چھ) اور اسٹیو اسمتھ (چار) کو بھی پرسدھ کرشنا نے اپنا شکار بنایا۔ آسٹریلیا کا چوتھا وکٹ عثمان خواجہ (41) کی صورت میں 104 کے اسکور پر گرا۔ انہیں محمد سراج نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد ٹریوس ہیڈ (34 ناٹ آؤٹ) اور بو ویبسٹر (39 ناٹ آؤٹ) نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ آسٹریلیا نے 27ویں اوور میں چار وکٹوں پر 162 رنز بنانے کے بعد چھ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ہندستان کی جانب سے پرسدھ کرشنا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایک کھلاڑی کو محمد سراج نے آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے ہندوستان نے کل چھ وکٹ پر 141 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ آج صبح کے سیشن میں پیٹ کمنز نے رویندر جڈیجہ (13) کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو دن کی پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد جدوجہد کرنے والے واشنگٹن سندر (12) کو پیٹ کمنز نے بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ محمد سراج (چار) اور جسپریت بمراہ (صفر) اسکاٹ بولینڈ کا شکار بنے۔ ہندوستان نے اسکور میں صرف 16 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے چار وکٹیں گنوائیں اور پوری ٹیم 39.5 اوور میں 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسکاٹ بولینڈ نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ پیٹ کمنز کو تین وکٹ ملے۔ بو ویبسٹر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ہندستان نے پہلی اننگ میں 185 رنز بنائے تھے۔
وہیں ہندوستانی گیند بازوں نے آسٹریلیا کو پہلی اننگ میں 181 کے اسکور پر آل آؤٹ کر دیا تھا۔