بھارت چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سیریز جیتنے کی کوشش کرے گا

0
7

ہرارے، 12 جولائی (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم ہفتہ کو زمبابوے کے خلاف چوتھے میچ میں جیت درج کرکے پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد اپنے پہلے دورے پر زمبابوے پہنچنے والی ہندوستانی ٹیم کو پہلے ہی میچ میں غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم ہندوستانی ٹیم نے اگلے دو میچوں میں یک طرفہ فتوحات درج کیں۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت سیریز میں 2-1 سے آگے ہے اور چوتھا میچ جیت کر سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ دوسری جانب زمبابوے پہلے میچ کی طرح ہندستان کو حیران کر کے سیریز میں واپسی کی کوشش کرے گا لیکن اسے واپسی کے لیے خاص طور پر اپنی فیلڈنگ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ پچ اور حالات کو دیکھتے ہوئے ہرارے کی ڈبل باؤنس پچ پر عام طور پر ہائی اسکورنگ گیمز نہیں کھیلے جاتے ہیں۔ ایسا گزشتہ 15 میچوں میں صرف سات بار ہوا ہے، جب ٹیم نے پہلی اننگز میں 150 یا اس سے زیادہ رن بنائے ہوں۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں عالمی فاتح ٹیم کے تین ارکان شیوم دوبے، یشاسوی جیسوال اور سنجو سیمسن کے ٹیم میں شامل ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم کا اعتماد بڑھ گیا ہے۔ یشسوی جیسوال کو ورلڈ کپ کے دوران موقع نہیں ملا تھا لیکن گزشتہ میچ میں انہوں نے 27 گیندوں میں 36 رن کی اننگز کھیل کر دکھایا کہ ان کی فارم اب بھی وہی ہے، تاہم وہ اس میچ میں بڑی اننگز کھیلنا چاہیں گے۔ ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ کے کچھ عظیم کھلاڑیوں کے ریٹائرمنٹ کے بعد واشنگٹن سندر اور ابھیشیک شرما ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واشنگٹن ٹیم میں بطور اسپن آل راؤنڈر جگہ حاصل کرنے پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔ وہ زمبابوے کے خلاف اب تک 4.5 کی اوسط سے چھ وکٹیں لے چکے ہیں۔ وہیں ابھیشیک نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 46 گیندوں میں سنچری بنا کر اپنی بلے بازی کی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس سیریز میں سنجو سیمسن اور شیوم دوبے کے لیے بھی بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے۔ اگر ہم زمبابوے کی بات کریں تو اس کے فاسٹ باؤلر بلیسنگ مزاربانی اور نصف سنچری اسکور کرنے والے ڈیون مائرز کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔ وکٹ کیپر بلے باز کلائیو مڈانڈے نے تین میچوں میں دو اہم اننگز کھیل کر اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے خواہ وہ ساتویں نمبر پر آرڈر میں بہت نیچے آتے ہیں، لیکن وہ دباؤ والے میچوں میں بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وہ چوتھے میچ میں بڑی اننگز کھیلنا چاہیں گے۔