ہولنبیر، 17 ستمبر (یو این آئی) ہرمن پریت سنگھ کی قیادت والی ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے اپنی ناقابل شکست مہم جاری رکھتے ہوئے منگل کو میزبان چین کو 1-0 سے شکست دے کر پانچویں بار ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا خطاب جیت لیا۔ آج یہاں کھیلے گئے فائنل میچ میں ہندوستانی ٹیم نے میزبان چین کو 1-0 سے شکست دی۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے جوگراج سنگھ نے 51ویں منٹ میں فیلڈ گول کیا۔ یہ واحد گول چوتھے کوارٹر میں ہوا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی اور ٹرافی جیت لی۔ اس سے قبل ہندوستان کو میچ کے 10ویں منٹ میں ایک کے بعد ایک دو پنالٹی کارنر ملے لیکن ہندوستانی ٹیم ان کا فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ جس میں چین کو آخری لمحات میں پنالٹی کارنر ملا، تاہم وہ گول کرنے میں ناکام رہا۔ دوسرے کوارٹر میں چینی ٹیم نے ہندوستان کا سخت مقابلہ کیا۔ ہندوستانی ٹیم کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن چینی ڈیفینڈروں نے ہندوستانی حملے کو ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد تیسرا کوارٹر بھی بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تیسرے کوارٹر میں چینی ٹیم نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے کچھ مواقع پیدا کیے لیکن وہ ہندوستانی دفاعی لائن کو توڑنے میں ناکام رہی۔ چوتھے کوارٹر میں جوگراج نے 51ویں منٹ میں گول کر کے ہندوستان کو 1-0 کی برتری دلائی۔ یہ برتری فیصلہ کن رہی اور ہندوستان نے چین کو 1-0 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ قابل ذکر ہے کہ پہلے لیگ میچ میں ہندوستان نے میزبان ٹیم کو 3-0 سے شکست دی تھی۔