ہرارے، 07 جولائی (یو این آئی) ہندوستان نے ابھیشیک شرما (100)، رتوراج گائیکواڑ کی ناٹ آؤٹ (77) اور رنکو سنگھ کی ناٹ آؤٹ (48) کی دھماکہ خیز اننگز کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت اتوار کو دوسرے ٹی 20 میچ میں زمبابوے کو 100 رنز سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے پانچ میچوں کی ٹی۔ٹوئنٹی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔235 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے والے مکیش کمار نے پہلے ہی اوور میں انوسینٹ کائیا (4) کو بولڈ کرکے زمبابوے کو پہلا جھٹکا دیا۔ تاہم ویزلی مدھویرے اور برائن بینیٹ نے اننگز کو کچھ دیر تک قابو میں رکھا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 34 رنز کی شراکت ہوئی۔ چوتھے اوور میں مکاش کمار نے برائن بینیٹ (نو گیندوں میں 26 رنز) کو بولڈ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ روی بشنوئی نے 39 گیندوں میں 43 رنز بنا کر ویسلے مادھویرے کو بولڈ کیا۔ اویش خان نے ڈیون مائرز (0) اور کپتان سکندر رضا (4) کو سستے میں پویلین بھیج دیا۔ جوناتھن کیمبل (10)، کلائیو مڈانڈے (0)، ویلنگٹن مساکاتجا (1) اور بلیسنگ مزارابانی (2) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ لیوک جونگوے نے 26 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔ ہندوستانی بولنگ کے سامنے زمبابوے کی پوری ٹیم 18.4 اوورز میں 134 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ہندوستان کی جانب سے مکیش کمار اور اویش خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ روی بشنوئی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ واشنگٹن سندر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج یہاں ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آج کے میچ میں ہندوستانی بیٹنگ کا طوفانی انداز کچھ یوں تھا اور جہاں پہلے 10 اوورز میں 74 رنز بنائے۔ اگلی 60 گیندوں پر 160 رنز جوڑے۔ تاہم بلے بازی کے لیے آنے والی ابھیشیک شرما اور شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی کی شروعات اچھی نہیں رہی، دوسرے ہی اوور میں بلیسنگ مزارابانی نے شبھمن گل (2) کو برائن کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستان کو بڑا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے رتوراج گائیکواڈ نے ابھیشیک شرما کے ساتھ مل کر شاندار بلے بازی کی اور دوسری وکٹ کے لیے 137 رنز جوڑے۔ 14ویں اوور میں ویلنگٹن مساکاتجا نے ابھیشیک شرما کو میئرز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر اس شراکت کو توڑا۔ ابھیشیک شرما نے طوفانی انداز میں 47 گیندوں میں سات چوکے اور آٹھ چھکے لگا کر 100 رنز بنائے۔ رتوراج گائیکواڈ نے 47 گیندوں میں 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ رنکو سنگھ 22 گیندوں پر 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے دو چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں پر 234 رنز بنائے۔زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزارابانی اور ویلنگٹن مساکاتجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔