ہولن بئیر، 12 ستمبر (یو این آئی) دفاعی چیمپئن ہندوستانی ہاکی ٹیم نے پیر کو جنوبی کوریا کو 4-1 سے شکست دے کر ایشین چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی لگاتار چھٹی جیت ہے۔ ہندوستانی ٹیم منگل کو فائنل میں چین سے ٹکرائے گی۔ ہندوستانی ٹیم نے آج یہاں کھیلے گئے سیمی فائنل کے پہلے کوارٹر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان کی جانب سے پہلا گول 13ویں منٹ میں اتم سنگھ نے کیا۔ اس کے بعد دوسرے کوارٹر کے آغاز میں ہندوستانی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے 19ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے ہندوستان کی برتری کو 2-0 سے بڑھا دیا۔ ہاف ٹائم کے بعد تیسرے کوارٹر کے آغاز میں ہرمن پریت سنگھ نے فضائی شاٹ روک کر 27ویں منٹ میں گیند کو گول میں ڈال دیا۔ اس دوران کورین ٹیم کی جانب سے ینگ جی ہن نے گول کیا۔ تیسرے کوارٹر کے آخری سیکنڈ میں کوریا کے گول کیپر کی غلطی کی وجہ سے ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا۔ ہرمن پریت سنگھ نے 46ویں منٹ میں اس کا فائدہ اٹھایا اور ہندوستان کے لیے چوتھا گول کیا۔ ہندوستان نے چوتھے کوارٹر میں بھی جارحانہ کھیل جاری رکھا۔ اس دوران ہندوستانی ٹیم نے گول کرنے کے تین مواقع گنوائے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ منگل کو چینی ٹیم سے ہوگا۔