اینٹیگا 22 جون (یو این آئی)ٹیم انڈیا نے ہفتہ کو انٹیگا کے میدان پر بنگلہ دیش کو 50 رنز سے شکست دی۔ سپر-8 مرحلے میں ٹیم انڈیا کی یہ دوسری جیت ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم سیمی فائنل کے قریب پہنچ گئی ہے۔بنگلہ دیش کے کپتانجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ پچ پر سوریہ کمار کو چھوڑ کر ٹیم انڈیا کے ہر ٹاپ آرڈر بلے باز نے 196 رنز بنائے۔ ہاردک پانڈیا نے ہندوستانی اننگز کی آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی ففٹی مکمل کی۔جب بھارت نے اس پچ پر بولنگ شروع کی تو بنگلہ دیشی بلے بازوں کو رنز بنانے نہیں دیے گئے۔ کلدیپ یادو نے اپنے 4 اوورز میں 3 وکٹیں حاصل کیں اور صرف 19 رنز دیے۔ کیپٹن نجم حسین شانتو تنہا لڑتے رہے۔ انہوں نے 40 رنز بنائے۔ جسپریت بمراہ نے انہیں پویلین بھیجا۔قبل ازیں سلامی بلے بازروہت شرما (23)، وراٹ کوہلی (37) اور رشبھ پنت (36) کی مضبوط شروعات کے بعد ہاردک پانڈیا (ناٹ آؤٹ 50) کی شاندار نصف سنچری اور شیوم دوبے (34) کے ساتھ 53 رن کی شراکت داری کی مدد سے ہندوستان نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ کے گروپ اے کے میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف پانچ وکٹوں پر 196 رنز بنائے۔ سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم، نارتھ ساؤنڈ کی سست پچ پر ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔تاہم روہت اننگز کے چوتھے اوور میں شکیب الحسن کا شکار بن گئے۔ نئے بلے باز رشبھ پنت نے وراٹ کا ساتھ دیا اور رنز کی رفتار کو برقرار رکھا اور آٹھویں اوور تک دونوں نے ٹیم کے کھاتے میں 70 رنز جوڑے لیکن اسی دوران وراٹ کی اننگز کا خاتمہ تنظیم حسن نے کیا۔ اسی اوور میں بنگلہ دیش کو ایک اور اہم کامیابی جارحانہ بلے بازسوریا کمار یادو (6) کی وکٹ کی صورت میں ملی۔ رشبھ پنت 12ویں اوور میں رشاد حسین کا شکار بنے۔دوسری جانب ہاردک پانڈیا کا ساتھ دینے آئے شیوم دوبے نے آج اسپنرز کے خلاف ہاتھ کھولے اور دونوں بلے بازوں نے بنگلہ دیشی اٹیک کو تہس نہس کرتے ہوئے تیزی سے رنز بنانے شروع کر دیے۔ رشاد حسین پر چھکا لگانے کے بعد دوبے دوسری گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں بولڈ ہو گئے جبکہ ہاردک پانڈیا نے اکشر پٹیل (3 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ رن کی رفتار کو جاری رکھا اور ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔