دمبولا، 26 جولائی (یو این آئی) رینوکا سنگھ اور رادھا یادو کی شاندار گیندبازی کے بعد اسمرتی مندھانا ناٹ آؤٹ (55) اور شیفالی ورما ناٹ آؤٹ (26) کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان ٹیم نے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ آج 81 رنز کے چھوٹے ہدف کا تعاقب کرنے آئی شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا کی ہندوستانی اوپننگ جوڑی نے احتیاط کے ساتھ کھیلتے ہوئے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 11 اوورز میں 83 رنز بنانے کے بعد 10 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ اسمرتی مندھانا نے 39 گیندوں میں نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ شیفالی ورما نے 28 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔ فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔ اس سے قبل بنگلہ دیشی کپتان نگار سلطانہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بیٹنگ کے لیے آنے والی بنگلہ دیش کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے ہندوستانی باؤلنگ اٹیک کے خلاف 44 کے اسکور پر چھ وکٹیں گنوا دیں۔ دلارا اختر (6)، مرشدہ خاتون (4) اور اسماء تنظیم (8) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ رینوکا سنگھ نے تینوں بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ کیپٹن نگار سلطانہ نے تاہم اس عرصے میں ایک سرے کو تھام لیا۔ رومانہ احمد اور رابعہ خان ایک ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ ریتو مونی (5) 5 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ نگار سلطانہ اور شورنا اختر نے ساتویں وکٹ کے لیے 36 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی۔ 20ویں اوور میں رادھا یادو نے نگار سلطانہ (32) کو دیپتی شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر اس شراکت کو توڑا۔
شورنا اختر نے 18 گیندوں پر 19 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ ہندوستانی بولنگ اٹیک کے سامنے بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر صرف 80 رنز بنا سکی۔ ہندوستان کو جیت کے لیے 81 رنز کا ہدف ملا ہے۔ہندوستان کی جانب سے رینوکا سنگھ اور رادھا یادیو نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ پوجا وستراکر اور دیپتی شرما نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔