دبئی، 19 دسمبر (یو این آئی) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 2024 سے 2027 تک چیمپئنز ٹرافی اور آئی سی سی ایونٹس کے لئے ایک ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق ہوگیا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پر تعطل ختم ہو گیا ہے نیز ہندوستان اور پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں فریقوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق آٹھ ٹیموں کی چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں ہندوستان کے میچ غیر جانبدار مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ اس کے بدلے میں ہندوستان میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں ہندوستان کے ساتھ پاکستان کے میچ بھی غیرجانبدار مقامات پر کھیلے جائیں گے۔دونوں فریقوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر آئی سی سی بورڈ میں ووٹنگ ہو سکتی ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان میں مینز چیمپئنز ٹرافی 2025، ہندوستان میں 2025 میں ہونے والے خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ اور 2026 میں ہندوستان اور سری لنکا میں ہونے والے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر لاگو ہوگا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کا اطلاق 2028 میں پاکستان میں ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر بھی ہو سکتا ہے۔ غیر جانبدار مقام ٹورنامنٹ کے میزبان بورڈ کی طرف سے تجویز کیا جائے گا اور آئی سی سی سے منظوری دی جائے گی۔ آئی سی سی نے کہا ہے کہ اسے ہندوستان، پاکستان اور کسی دوسرے ایشیائی مکمل رکن ملک کو شامل کرنے والے سہ رخی ٹی 20 ٹورنامنٹ منعقد کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، بشرطیکہ ایسے ٹورنامنٹ کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلے جائیں۔