کانپور، 25 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 27 ستمبر سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے بدھ کو یہاں وسیع پیمانے پر نیٹ پریکٹس کی۔بنگلہ دیشی ٹیم نے صبح کے سیشن میں نیٹ پر پسینہ بہایا جب کہ دوپہر ایک بجے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے کوچ گوتم گمبھیر کی قیادت میں تین سے چار گھنٹے تک سخت پریکٹس کی۔ اس دوران گراؤنڈ پر سیکورٹی کے زبردست انتظامات کیے گئے تھے۔
ہندوستانی ٹیم نے چنئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کر کے مہمان ٹیم پر غیر مفتوح برتری حاصل کر لی ہے تاہم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہندوستان گھریلو حالات کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کلین سویپ کے مقصد سے میدان میں اترے گا۔گنگا کے کنارے واقع سرسبز گرین پارک گراؤنڈ پر اب تک 23 ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں ہندوستانی ٹیم نے سات میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 13 میچوں میں فتح یا شکست کا فیصلہ نہ ہو سکا۔ ہندوستان نے اپنا آخری میچ یہاں 2021 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا جس میں جیت یا ہار کا فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔اس میچ میں مقامی کھیل شائقین کی نظریں مقامی لڑکے کلدیپ یادو پر ہوں گی جو چنئی کے خلاف پہلے میچ میں پلیئنگ الیون میں جگہ حاصل نہیں کر سکے تھے۔ گرین پارک کی سست وکٹ کو دیکھتے ہوئے امید کی جا سکتی ہے کہ ہندوستان کسی تیز گیند باز کے بجائے کسی اضافی اسپنر کو جگہ دے تاکہ اچھی فارم میں چل رہے کلدیپ کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کا موقع مل سکے۔سال 1952 سے ٹیسٹ کرکٹ کے گواہ رہے گرین پارک کا مستقبل بھی اس ٹیسٹ میچ کے کامیاب انعقاد سے طے ہوگا۔ اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے اس گراؤنڈ کی حالت، دیکھ ریکھ نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ چند سالوں سے انتہائی قابل رحم ہو چکی ہے۔ تاہم ٹیسٹ میچ کے انعقاد کے بعد منتظمین نے شائقین کی گیلری سمیت گراؤنڈ کے کئی حصوں کی مرمت اور اسے نئی شکل دینے کے لیے دن رات کام کیا۔
کانپورشہر کے وسط میں واقع اس گراؤنڈ میں شائقین کی کبھی کمی نہیں رہی اور اس بار بھی شہر کو کرکٹ کے بخار نے اپنی زدمیں لے رکھا ہے اور تقریباً 25 ہزار شائقین کی گنجائش والا یہ گراؤنڈ کھچا کھچ بھرے رہنے کی توقع ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جس کی وجہ سے کھیل شائقین قدرے پریشان ہیں تاہم کرکٹ ونڈو کی کمائی پر اس کا کوئی اثر نظر نہیں آرہا۔
بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 27 ستمبر سے کانپور میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ گرین پارک سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں بھارت نے اب تک 7 ٹیسٹ جیتے ہیں اور 3 میچ ہارے ہیں۔ یہاں روی چندرن اشون موجودہ اسکواڈ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر ہیں۔کانپور میں روہت شرما نے 2 اور ویراٹ کوہلی نے ایک بین الاقوامی سنچری اسکور کی ہے۔ تاہم دونوں کھلاڑی یہاں صرف ایک ٹیسٹ کھیل سکے۔ کانپور کی پچ اسپنرز کی مدد کرتی ہے، اس لیے دونوں ٹیموں کے بلے بازوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔