نئی دہلی، 18 نومبر (یو این آئی) انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) قومی دارالحکومت کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم (آئی جی آئی) میں اگلے سال 13 سے 19 جنوری تک منعقد ہونے والے پہلے کھو-کھو ورلڈ کپ کی میزبانی میں تعاون کرے گی۔ آئی او اے نے باضابطہ طور پر کھو-کھو فیڈریشن آف انڈیا (کے کے ایف آئی) کے ساتھ اپنی شراکت کی تصدیق کی ہے اور ایونٹ کے لیے تعاون کا وعدہ کیا ہے۔ آئی او اے کی صدر ڈاکٹر پی ٹی اوشا نے کہا، “ہم اپنے ثقافتی ورثے کو منانے اور روایتی کھیلوں کو فروغ دینے میں اس ایونٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور ہم اس ٹورنامنٹ کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہندوستانی کھو کھو فیڈریشن کے ساتھ تعاون کے لئے پرجوش ہیں۔” کے کے ایف آئی کے صدر سدھانشو متل نے آئی او اے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، “صدر پی ٹی اوشا کی قیادت میں آئی او اے کی حمایت کھو-کھو کے لیے گیم چینجر ہے۔ “یہ تعاون کھو-کھو کو عالمی نقشے پر لانے میں اہم ہے اور ہم پہلی بار کھو-کھو ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے پر بہت پرجوش ہیں، جو واقعی اس کھیل کے لیے ایک تاریخی انعقاد ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ کھو کھو ورلڈ کپ میں مرد اور خواتین دونوں ٹیمیں حصہ لیں گی جس میں چھ براعظموں کے 25 ممالک شرکت کریں گے۔ ایشیا کی ٹیمیں جن میں میزبان ہندستان، بنگلہ دیش، پاکستان اور سری لنکا شامل ہیں، افریقہ، یورپ، شمالی امریکہ، جنوبی امریکہ اور اوشیانا کے حریفوں سے مقابلہ کریں گی۔ گھانا، کینیا، انگلینڈ، جرمنی، برازیل اور آسٹریلیا جیسے ممالک شرکت کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔