چنئی، 20 ستمبر (یو این آئی) جسپریت بمراہ، محمد سراج، آکاش دیپ اور رویندر جڈیجہ کی چوکڑی نے جمعہ کو پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بنگلہ دیش کو 149 رنز پر آؤٹ کر دیا اور ہندوستان کو پہلی اننگ کی بنیاد پر 227 رنوں کی برتری دلادی۔ بنگلہ دیش نے لنچ کے بعد تین وکٹ پر 26 سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ 12ویں اوور میں محمد سراج نے کپتان نظم الحسن شانتو (20) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بمراہ نے مشفق الرحیم (8) کو آؤٹ کیا۔ شکیب الحسن اور لٹن کمار داس نے کچھ دیر تک بنگلہ دیش کی اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ شکیب الحسن (32) اور لٹن کمار داس (22) رویندرا جڈیجہ کا شکار بنے۔ حسن محمود (9) اور تسکین احمد (11) کو بمراہ نے آؤٹ کیا۔ 48ویں اوور میں محمد سراج نے ناہید رانا (11) کو آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کی اننگ 149 کے اسکور پر سمیٹ دی۔ ہندوستان نے بنگلہ دیش کو فالو آن نہ دیتے ہوئے دوسری اننگ میں بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سراج، آکاش دیپ اور رویندرا جڈیجہ نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل بنگلہ دیش کے تیز گیند باز تسکین احمد اور حسن محمود نے صبح کے سیشن میں ہندوستانی اننگ کو 376 پر سمیٹ دیا تھا اور پہلے سیشن میں لنچ ٹائم تک بنگلہ دیش نے 26 کے اسکور پر تین وکٹیں گنوا دی تھیں۔آج ہندوستان نے کل کے چھ وکٹ پر 339 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ٹیم کا اسکور ابھی 347 رنز تک پہنچا ہی تھا کہ تسکین احمد نے رویندر جڈیجہ کووکٹ کے پیچھے لٹن کے ہاتھوں کیچ کروا کر صبح کے سیشن کی پہلی وکٹ حاصل کی۔ جڈیجہ (86) اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے آکاش دیپ (17) کو بھی تسکین احمد نے شانتو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔ تسکین نے 91 ویں اوور میں روی چندرن اشون (113) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی بڑے اسکور کی امیدوں کو دھچکا دیا۔ 10ویں وکٹ کے شکل میں بمراہ (7) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہیں حسن محمود نے آؤٹ کیا۔ ہندوستانی اننگ 91.2 اوورز میں کل کے اسکور میں 37 رنز کا اضافہ کرکے 376 پر ختم ہوگئی۔بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ تسکین احمد کو تین وکٹ ملے۔ مہدی حسن میراز اور شکیب الحسن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔