بھارتیہ خواتین ہاکی ٹیم نے تھائی لینڈ کو 13-0 سے شکست دی

0
1

راجگیر، 14 نومبر (یو این آئی) ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے جمعرات کو بہار ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافیراجگیر 2024 کے تیسرے گروپ مرحلے کے میچ میں تھائی لینڈ کو 13-0 سے شکست دی۔ راجگیر ہاکی اسٹیڈیم میں آج کھیلے گئے میچ میں، دیپیکا (تیسرے، 19ویں، 43ویں، 45ویں، 45+)، پریتی دوبے (9ویں، 40ویں)، لالریمسیامی (12ویں، 56ویں) اور بیوٹی ڈنگ ڈونگ (30ویں)، نونیت کور (53ویں) اور منیشا چوہان نے (55ویں، 58ویں) منٹ گول کئے۔ آج کے میچ میں لالریمسیامی نے 150 میچ کھیلنے کا اہم سنگ میل حاصل کیا۔ وہیں پریتی دوبے نے اپنے 50 میچ مکمل کر لیے۔ہندوستان نے پہلے کوارٹر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دیپیکا نے پہلے موقع کا فائدہ اٹھایا اور تیسرے ہی منٹ میں گول کرکے ہندوستان کو برتری دلادی۔ اس کے بعد پریتی نے گول کرکے ہندوستان کی برتری کو دوگنا کردیا۔ اس کوارٹر کے 12ویں منٹ میں لالریمسیامی نے گول کیا۔دوسرے کوارٹر میں دیپیکا نے 19ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کیا۔ بیوٹی نے ہاف ٹائم سے ٹھیک پہلے پنالٹی کارنر کو گول کر کے ٹیم کو 5-0 کی برتری دلا دی۔ پریتی نے بھی 40ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کیا جبکہ اس کے چند منٹ بعد دیپیکا نے بھی پنالٹی کارنر پر گول کیا۔ اس کے بعد دیپیکا نے دو منٹ میں دو گول کر کے ہندوستان کو تیسرے کوارٹر کے بعد 9-0 سے آگے کر دیا۔چوتھے کوارٹر کے آغاز میں نونیت نے ریورس ہٹ سے ہندوستان کا 10واں گول کیا جبکہ پانچ منٹ بعد منیشا نے پنالٹی کارنر سے گول کیا۔ لالریمسیامی نے پنالٹی کارنر سے ادیتا کے شاٹ کو گول میں تبدیل کیا جبکہ منیشا نے مزید دو گول کرکے ہندوستان کی 13-0 کی جیت کو یقینی بنایا۔ہندوستانی ٹیم نے چیمپئن شپ میں اب تک اپنے تمام میچ جیتے ہیں۔ ہندوستان پوائنٹس ٹیبل میں نو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ چین کے بھی اتنے ہی پوائنٹس ہیں لیکن بہتر گول فرق کی وجہ سے ٹیبل میں سرفہرست ہے۔