پیرس، 25 جولائی (یو این آئی) انکیتا بھکتا، بھجن کور اور دیپیکا کماری کی ہندوستانی خواتین کی تیر انداز ٹیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمعرات کو کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ آج یہاں لیس انویلیڈس گارڈنز میں منعقد انفرادی رینکنگ راؤنڈ میں انکیتا اپنے سیزن کے بہترین اسکور 666 کے ساتھ 11 ویں، بھجن 659 کے اسکور کے ساتھ 22 ویں اور دیپیکا 658 کے اسکور کے ساتھ 23 ویں نمبر پر رہیں۔ کوریا کے سیہیون 694 کے اسکور کے ساتھ پہلے، سوہیون نام 688 کے اسکور کے ساتھ دوسرے اور چین کے شیاؤلی یانگ 673 کے اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
انکیتا بھکتا، بھجن کور اور دیپیکا کماری نے 1983 کے اسکور کے ساتھ ٹیم ایونٹ میں براہ راست کوارٹر فائنل میں داخلہ لیا۔ ہندوستانی ٹیم رینکنگ راؤنڈ میں چوتھے نمبر پر رہی۔ جنوبی کوریا 2046 کے اسکور کے ساتھ پہلے، چین 1996 کے اسکور کے ساتھ دوسرے اور میکسیکو 1986 کے اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔