کوالالمپور، 22 دسمبر (یو این آئی) جی ترشا (52) کی نصف سنچری اننگز کے بعد ہندوستانی خواتین ٹیم نے اتوار کو ایوشی شکلا (تین وکٹ)، پارونیکا سسودیا اور سونم یادیو (دو دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت انڈر 19 ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کو 41 رن سے شکست دے دی۔
ہندستان کے 117 رن کے جواب میں بیٹنگ کرنے آئی بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا اور اس نے 24 رن پر دو وکٹ گنوا دیں۔ مسمت آیوا (صفر) اور سمیہ اختر (آٹھ) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ بنگلہ دیش کی بلے باز ہندوستانی باؤلنگ اٹیک کے خلاف پست نظر آئیں۔ فہمیدہ چھویا (18) اور زویریہ فردوس (22) کے علاوہ بنگلہ دیش کی طرف سے کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں نہیں پہنچ سکی۔ ہندوستانی گیند بازوں نے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کو 18.3 اووروں میں 76 رن پر سمیٹ کر میچ 41 رن سے جیت لیا۔
ہندستان کی جانب سے ایوشی شکلا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پرونیکا سسودیا اور سونم یادو کو دو دو وکٹ ملیں۔ وی جے جوشیتا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا، ہندوستانی خواتین ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے 66 کے اسکور تک تین وکٹ گنوا دیں۔ جی کمالینی (5)، سانیکا چالکے (0) کو فرزانہ یاسمین نے آؤٹ کیا۔ کپتان نکی پرساد (12) کو 12ویں اوور میں حبیبہ اسلام نے بولڈ کر دیا۔ متھیلا ونود نے 12 گیندوں میں دو چوکے اور ایک چھکا لگا کر (17) رن بنائے۔ جی ترشا نے 47 گیندوں میں 52 رن کی اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ ایوشی شکلا 10 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ 20 اووروں میں سات وکٹ پر 117 رن بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے فرزانہ یاسمین نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ نشیتا اے نشی نے دو وکٹ لیں۔ حبیبہ اسلام نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔