نئی ممبئی، 19 دسمبر (یو این آئی) کپتان اسمرتی مندھانا (77) اور ریچا گھوش (54) کی شاندار اننگز کی مدد سے ہندوستانی خواتین ٹیم نے جمعرات کو تیسرے ٹی 20 میچ میں ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کو جیت کے لیے 218 رنوں کا ہدف دیا۔ آج یہاں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں اوما چھتری (0) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والی جمائمہ روڈریگس نے اسمرتی مندھانا کے ساتھ مل کر اننگ کو سنبھالا اور تیزی سے رنز بنائے۔ ایفی فلیچر نے 11ویں اوور میں جمائمہ روڈریگز کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ روڈریگز نے 28 گیندوں میں چار چوکے لگاتے ہوئے 39 رنو کی اننگ کھیلی۔ 15ویں اوور میں ڈینڈرا ڈوٹن نے اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو تیسری کامیابی دلائی۔ مندھانا نے 47 گیندوں میں 13 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 77 رنز بنائے۔ریچا گھوش نے 21 گیندوں میں تین چوکے اور پانچ چھکے لگا کر (54) رنز بنائے۔ انہیں عالیہ ایلن نے 20ویں اوور میں آؤٹ کیا۔ راگھوی بشٹ 22 گیندوں میں (31) اور سجیون سجنا (4) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستانی خواتین ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں پر 217 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شنیل ہنری، عالیہ ایلن اور ایفی فلیچر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔