کوالالمپور، 21 جنوری (یو این آئی) ویشنوی شرما (پانچ وکٹ) اور آیوشی شکلا (تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی کے بعد جی ترشا کی (ناٹ آؤٹ 27) اننگز کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے انڈر 19 ورلڈ کپ میں ہدف محض 2.5 اوور میں ہدف حاصل کرکے ملائیشیا کو 10 وکٹ سے شکست دے دی۔ ملائیشیا کے 31 رن کے جواب میں بیٹنگ کے لیے آنے والی ہندوستانی ٹیم کی جی ترشا اور جی کمالینی کی جوڑی نے طوفانی انداز میں بلے بازی کی اور صرف 2.5 اوور میں 32 رن بنا کر اپنی ٹیم کو 10 وکٹ سے فتح دلادی۔ جی تریشا نے 12 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے (27 ناٹ آؤٹ) رن بنائے جبکہ جی کملینی نے (چار ناٹ آؤٹ) رن بنائے۔ اس سے پہلے آج ٹاس جیتنے کے بعد ہندوستانی انڈر 19 خواتین ٹیم نے پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری ملائیشیا کی ٹیم ہندوستانی بولنگ اٹیک کے سامنے ٹک نہ سکی۔ میچ کے دوران ملائیشیائی بلے بازوں میں سے کوئی بھی ڈبل فیگرز تک نہ پہنچ سکیں۔ ملائیشیا کے دو کھلاڑیوں نے پانچ پانچ رن بنائے۔ باقی بلے بازوں کے اسکور اس سے نیچے رہے۔ ملائیشیا کے بلے بازوں نے صرف 20 رن بنائے اور 11 رن اضافی کے طور پر ملے۔ ہندوستانی گیند بازوں نے ملائیشیا کی پوری ٹیم کو 14.3 اووروں میں صرف 31 رن پر سمیٹ دیا۔ ہندوستان کی جانب سے ویشنوی شرما نے پانچ رن کے عوض پانچ اور آیوشی شکلا نے آٹھ رن کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ وی جے جوشیتا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔