سوون 07 جون (یو این آئی) ہندوستانی تیر اندازوں نے تیر اندازی ایشیا کپ 2024 مرحلے 3 میں دو چاندی اور دو کانسہ سمیت چار تمغے جیتے ہیں۔ جنوبی کوریا کے سوون میں منعقدہ ایونٹ میں جمعہ کو ہندوستانی خواتین کی کمپاؤنڈ آرچری اور مکسڈ ٹیموں نے چاندی کے تمغے جیتے جبکہ مردوں کے کمپاؤنڈ اور خواتین کی ریکرو ٹیموں کو کانسہ کے تمغوں پر اکتفا کرنا پڑا۔ ہندوستانی خواتین کی کمپاؤنڈ تیر اندازی ٹیم میں کمود سینی، مایا بشنوئی اور 16 سالہ تیجل سالوے تینوں کو فائنل میں جنوبی کوریا کی سم سوئن، پارک جونگیون اور پارک یرین کی ٹیم سے 234-232 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے سیمی فائنل میں قازقستان کو اور کوارٹر فائنل میں منگولیا کو شکست دی تھی۔ کمپاؤنڈ مکسڈ ٹیم کے فائنل میں ہندوستان کی 17 سالہ کمود سینی اور 15 سالہ مناو جادھو کو جنوبی کوریا کے سم سوئن اور چینگ این کاو اور ہاو این لو سے 157-155 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی جوڑی نے کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ، چین اور سیمی فائنل میں قازقستان کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ مردوں کے کمپاؤنڈ ٹیم ایونٹ میں مناو جادھو، گنیش منی رتنم تھیرومورو اور کشال دلال نے چینی تائپے کے ہان ٹنگ لن، چینگ این کاو اور ہاو این لو کو 236-229 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا۔
بھارت نے کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ چین کو شکست دی اور سیمی فائنل میں ملائیشیا سے شکست کھائی۔ ہندوستان کی ریکرو خواتین کی تیر اندازی ٹیم نے پلے آف میں ازبکستان کو 5-3 سے شکست دے کر کانسہ کا تمغہ جیتا۔ بھارگوی بین بھگورا، بسنتی مہتو اور 14 سالہ شاروری سومناتھ شینڈے نے زیوداخون عبدوساتورووا، نیلوفر ہمرووا اور اومینا ایرگاشووا کی مخالف ٹیم کو شکست دی۔ ہندوستانی خواتین کی ریکرو ٹیم نے کوارٹر فائنل میں قازقستان کو شکست دی تھی، لیکن سیمی فائنل میں طلائی تمغہ جیتنے والی جنوبی کوریا سے ہار گئی۔ سوون میں ایشیا کپ کے لیے بھیجی گئی نوجوان ہندوستانی ٹیم کے پاس ہفتہ کو اپنے تمغوں کی تعداد بڑھانے کا موقع ہوگا۔
کمود سینی کا مقابلہ خواتین کے کمپاؤنڈ فائنل میں جنوبی کوریا کی پارک یرِن سے ہوگا، جبکہ تیجل سالوے کا مقابلہ اسی مقابلے کے کانسہ کے تمغے کے فائنل میں جنوبی کوریا کی چو یوجو سے ہوگا۔ ٹاپ انڈین آرچر دیپیکا کماری سوون میں مقابلہ نہیں کر رہی ہیں۔