اندور 05 دسمبر (یو این آئی) بڑودہ نے بھانو پنیا (ناٹ آؤٹ 134) کی سنچری اور شیوالک شرما (53)، ابھیمنیو سنگھ (55) اور وشنو سولنکی (50) کی نصف سنچریوں کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت جمعرات کو سید مشتاق علی ٹرافی کے گروپ بی میچ میں سکم کو 263 رن سے شکست دے دی۔ یہ ٹی-20 میچوں میں اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے۔ 350 رن کے ہدف کے تعاقب میں سکم کی شروعات بہت خراب رہی اور 19 کے اسکور تک اس کی تین وکٹیں گر گئیں۔ نیلیش لامیچھانے (صفر)، پرنیش چھتری (ایک) اور آشیش تھاپا (چھ) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پارتھ پلاوت (12)، رابن لمبو (20)، پی تمانگ (سات) اور لی یونگ لیپچا (10) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انکور ملک (18) اور روشن کمار (6) رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ سکم کی ٹیم مقررہ 20 اووروں میں سات وکٹوں پر صرف 86 رن بنا سکی اور ریکارڈ 263 رن سے میچ ہار گئی۔ بڑودہ کی جانب سے نناد رتھوا اور مہیش پیٹھیا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ کرونل پانڈیا، اتیت شیٹھ اور ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں کرنال پانڈیا کی قیادت میں بڑودہ کی ٹیم نے سید مشتاق علی ٹرافی میں سکم کے خلاف ٹی-20 میچ میں 349 رنز کا بڑا ریکارڈ اسکور بنا کر آج ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ اس اننگز کے ساتھ بڑودہ کی ٹیم نے زمبابوے کا 344 رنز کا ریکارڈ توڑ کر ٹی ٹوئنٹی میں سب سے بڑا ٹیم ا سکور بنانے کا نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔ بھانو پنیا نے بڑودہ ٹیم کے لیے 51 گیندوں پر (134 ناٹ آؤٹ) کی سب سے زیادہ اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ شیوالک شرما (17 گیندوں میں 53 رنز)، ابھیمنیو سنگھ (17 گیندوں میں 55 رنز)، اور وشنو سولنکی (16 گیندوں میں 50 رنز) نے تیز نصف سنچریاں بنائیں۔ شاشوت راوت (43) اور مہیش پیتھیا (آٹھ) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
اس میچ میں بڑودہ نے اپنی اننگز میں ریکارڈ 37 چھکے لگائے۔ یہ ٹی-20 کی تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ زمبابوے کے نام تھا جس نے گیمبیا کے خلاف 27 چھکے لگائے تھے۔ ایک میچ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 37 چھکے پانچواں سب سے بڑا اعدادوشمارہے۔ بڑودہ کی اس کارکردگی کے بعد سید مشتاق علی ٹرافی کے گروپ بی میں ناک آؤٹ کی دوڑ اور بھی دلچسپ ہو گئی ہے۔ گروپ میں تین ٹیمیں 20 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں لیکن بڑودہ کا یہ اسکور ان کے نیٹ رن ریٹ میں نمایاں بہتری لا سکتا ہے جس سے پوائنٹس ٹیبل میں ان کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔