بھوپال، 19 فروری (یو این آئی) مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے کچھ بچوں کی غیر انسانی پٹائی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرتے ہوئے اس معاملے پر حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔ویڈیو میں ایک شخص کچھ بچوں کو رسی سے باندھ کر بری طرح پیٹتا نظر آ رہا ہے۔ مسٹر پٹواری کا الزام ہے کہ یہ بچے دلت برادری سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں صرف اس لیے مارا پیٹا جا رہا ہے کہ انہوں نے کنویں کا پانی پیا تھا۔ اگرچہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ویڈیو کہاں کی ہے۔
ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے، مسٹر پٹواری نے کہا ’’یہ دل دہلا دینے والا منظر پتھر دل انسان کو بھی پریشان کر سکتا ہے! یہ روتے / بلکتے / چیختے ہوئے بچوں نے صرف کنویں سے پانی پیا تھا! اور طالبانی سزا اس لیے دی گئی کہ یہ معصوم دلت ہیں! نریندر مودی جی غور سے دیکھ لیجئے کہ بی جے پی نفرت کا جو ننگا ناچ کر رہی ہے وہ اب معصوم جانوں کی سانسوں کا بھی سودا کرنا چاہتی ہے! سوچنا ہوگا کہ قانون سے کھیلنے والے ڈاکٹر موہن یادو حکومت میں زیادہ کیوں نظر آتے ہیں؟مسٹر پٹواری نے اپنی ایکس پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور دونوں کے دفاتر کو ٹیگ کیا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مجرموں کی شناخت کرے، سخت کارروائی کرے اور پوری دلت برادری سے فوری طور پر معافی مانگے۔