داہود، 26 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں شروع کیے جانے والے آپریشن سندور کی کامیابی پر کہا کہ ‘ جو بھی ہماری بہنوں کا سندور مٹائے گا، اس مٹنا بھی طے ہے ۔مسٹر مودی نے پیر کے روز یہاں مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے بعد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ہماری بہنوں کا سندور مٹائے گا، اس کا مٹنا بھی طے ہے۔انہوں نے کہا کہ تقسیم کے بعد وجود میں آنے والا ملک ہندوستان کے خلاف نفرت پر جی رہا ہے۔ پاکستان کا مقصد صرف ہندوستان سے دشمنی اور نقصان پہنچانا ہے لیکن ہندوستان کا مقصد غربت کا خاتمہ، معاشی ترقی اور ترقی یافتہ ملک بننا ہے۔مسٹر مودی نے کہا، “آپریشن سندور کوئی فوجی کارروائی نہیں ہے، یہ ہماری ہندوستانی اقدار اور ہمارے جذبات کا اظہار ہے، دہشت پھیلانے والوں نے خواب میں بھی نہیں سوچا ہوگا کہ ‘مودی کا سامنا کرنا کتنا مشکل ہے، ایک باپ کو اس کے بچوں کے سامنے گولی مار دی گئی، آج بھی جب وہ تصویریں دیکھتے ہیں، تو ان کا خون کھولتا ہے۔ یہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کے لیے چیلنج تھا، اس لیے ہم نے وہی کیا ، جس کے لیے ملک کے باشندوں نے ہمیں ذمہ داری دی۔”مسٹر مودی نے گجرات کے داہود میں لوکوموٹیو مینوفیکچرنگ پلانٹ سمیت 24,000 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے احمد آباد-ویراول وندے بھارت ٹرین اور ولساڈ-داہود ایکسپریس ٹرینوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔