نئی دہلی 17دسمبر:کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور پارٹی کے کئی دیگر اراکین پارلیمنٹ نے آج بنگلہ دیش میں ہندو طبقہ و دیگر اقلیتوں پر ہو رہے مظالم کے خلاف پارلیمنٹ احاطہ میں آواز اٹھائی۔ منگل کے روز پارلیمنٹ احاطہ میں سبھی احتجاجی مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیشی ہندوؤں کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔ پرینکا گاندھی اور دیگر کانگریس لیڈران پارلیمنٹ احاطہ میں ایک خاص بیگ لیے ہوئے نظر آئے۔ اس بیگ پر ’بنگلہ دیش کے ہندوؤں اور عیسائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں‘ لکھا ہوا تھا۔ پرینکا گاندھی کے ساتھ ساتھ دیگر پارٹی لیڈران پارلیمنٹ احاطہ میں ’مکر دوار‘ کے قریب جمع ہوئے اور ’مرکزی حکومت جواب دو‘ کے ساتھ ساتھ ’وی وانٹ جسٹس‘ کا نعرہ لگاتے نظر آئے۔ بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے خلاف ہو رہے مظالم کو لے کر پارلیمنٹ احاطہ میں ہوئے اس مظاہرہ کی ویڈیو کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بنگلہ دیش میں اقلیتوں، ہندوؤں اور عیسائیوں پر مظالم کے واقعات لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ لیکن مودی حکمت اس معاملے میں خاموش ہے، کوئی قدم نہیں اٹھا رہی۔‘‘ پوسٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’آج پارلیمنٹ احاطہ میں کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ نے مظاہرہ کر بنگلہ دیش میں ہندوؤں، عیسائیوں اور اقلیتوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ کانگریس نے پیر کے روز بھی اس معاملے میں پارلیمنٹ احاطہ میں مظاہرہ کیا تھا۔ کیرالہ کی وائناڈ لوک سبھا سیٹ پر کامیابی حاصل کر پارلیمنٹ پہنچنے والی پرینکا گاندھی نے لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران بھی یہ ایشو اٹھایا تھا۔ اتنا ہی نہیں، پرینکا گاندھی لگاتار اہم ایشوز کو اٹھا رہی ہیں، چاہے وہ قومی ایشو ہو یا عالمی۔ پیر کے روز پرینکا گاندھی نے فلسطینی عوام کی حمایت میں ’فلسطین‘ لکھا ہوا ہینڈ بیگ لے کر بھی پارلیمنٹ پہنچی تھیں۔