اینٹیگا، 26 نومبر (یو این آئی) کیمار روچ، جیڈن سیلز (تین- تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش کی دوسری اننگ میں 109 رنز پر سات وکٹ لے کراسے شکست کے دہانے پر پہنچا دیا۔ویسٹ انڈیز جیت سے محض تین وکٹ دور ہے۔ وہیں پانچویں دن بنگلہ دیش کے لیے 225 رنز بنانا ناممکن سا نظر آرہا ہے۔دوسری اننگ میں بنگلہ دیش کا آغاز بہت خراب رہا اور اس نے 23 کے اسکور پر اپنے چار وکٹ گنوادئے۔ پہلے ہی اوور میں کیمار روچ نے ذاکر حسن (0) کو بولڈ کرکے ویسٹ انڈیز کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد چوتھے اوور میں جیڈن سیلز نے محمود الحسن جوئے (چھ) کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو دوسرا جھٹکا دیا۔ شہادت حسین (چار)، مومن الحق (11) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد لٹن داس اور کپتان مہدی حسن میراز نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ شمر جوزف نے لٹن داس (22) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ جیڈن سیلز نے مہدی حسن میراز(45) کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو بڑا جھٹکا دیا۔ تیج الاسلام (چار) رن ساتویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔
چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے پر بنگلہ دیش نے 31 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لیے ہیں اور اسے جیت کے لیے ابھی 225 رنز درکار ہیں۔ ذاکر علی (15) رن اور حسن محمود (0) کریز پر موجود ہیں۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ اور جیڈن سیلز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ شمر جوزف نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگ میں جسٹن گریوز (ناٹ آؤٹ 115)، مائیکل لیوس (97) اور ایلک ایتھنیز (90) کی شاندار اننگز کی بدولت نو وکٹوں پر 450 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔اس کے بعد بلے بازی کرنے اتری بنگلہ دیش نے نو وکٹوں پر 269 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگ کی بنیاد پر 181 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگ میں 152 رنز بناکر بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 334 رنز کا ہدف دیا تھا۔