دمبولا، 24 جولائی (یو این آئی) مرشدہ خاتون (80) اور کپتان نگار سلطانہ (62) کی نصف سنچریوں کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش نے بدھ کو خواتین ایشیا کپ کے 11ویں میچ میں ملیشیا کو 114 رنز سے شکست دے دی۔ 192 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ملیشیا کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے چھ اوور میں 23 رنز پر دو وکٹ گنوا دیے۔ پہلے ہی اوور میں جہان آرا عالم نے اے ایچ ہاشم (0) کو آؤٹ کر کے ملیشیا کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد ناہیدہ اختر نے آئی ہنٹر (20) کو اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کردیا۔ تیسرے وکٹ کی شکل میں وان جولیا (11) کو ریتو مونی نے بولڈ کیا۔ کپتان وی دوریسنگم (8)، آئینہ نجوا (4)، اے الیسا (1)، ایم آئی اسماعیل (15) اور ایس منیوانن (8) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ملیشیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر صرف 77 رنز بنا سکی اور اسے 114 رنز سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بنگلہ دیش کی جانب سے ناہیدہ اختر نے 13 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ جہان آرا عالم، ایس این جیسمین، رابعہ خان، ریتو مونی اور شورنا اختر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آج یہاں بنگلہ دیش کی کپتان نگار نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملیشیا کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا تھا۔ دلارا اختر اور مرشدہ خاتون کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لئے 65 رنز جوڑے۔ ایم آئی اسماعیل نے آٹھویں اوور میں دلارا اختر کو آؤٹ کر کے ملیشیا کو پہلی کامیابی دلائی۔ دلارا اختر نے 20 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے (33) رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کا دوسری وکٹ 17ویں اوور میں مرشدہ خاتون کی صورت میں گرا۔ مرشدہ خاتون نے 59 گیندوں پر 80 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کپتان نگار سلطانہ 37 گیندوں پر (62) اور رومانہ احمد (6) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں پر 191 رنز بنائے۔
ملیشیا کی جانب سے ایم آئی اسماعیل اور ایلسا ہنٹر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔