ڈھاکہ، 23 اگست (یو این آئی) بنگلہ دیش کی 12ویں پارلیمنٹ میں عوامی لیگ کے سابق رکن پارلیمنٹ اور کرکٹر شکیب الحسن اور اداکار فردوس احمد کے خلاف قتل کی شکایت درج کرائی گئی ہے۔جمعہ کو جاری ہونے والی ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق مقتول روبیل کے والد رفیق الاسلام نے جمعرات کو ڈھاکہ کے ادبور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا۔ کرکٹر شکیب کو کیس کا 28 واں جبکہ فردوس کو 55 واں ملزم بنایا گیا ہے۔اس کیس میں بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ، عبیدالقادر اور دیگر 154 افراد کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔ اس معاملے میں تقریباً 400-500 نامعلوم افراد بھی ملزم ہیں۔عدالتی بیان کے مطابق 5 اگست کو روبیل ادبور میں رنگ روڈ پر احتجاجی مارچ میں شامل ہوئے تھے۔ اس دوران کسی نے مبینہ طور پر مجرمانہ سازش کے تحت بھیڑ پر گولی چلا دی۔ حملے میں روبیل کو سینے اور پیٹ میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے بعد 7 اگست کو ان کی موت ہوگئی۔