دبئی، یکم جنوری (یو این آئی) ہندوستانی تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے نئے سال کے آغاز پر بولنگ رینکنگ میں 907 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرکے ایک نیا ہندوستانی ریکارڈ بنایا ہے۔ بمراہ نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں چھ وکٹیں حاصل کرنے کی وجہ سے بولنگ رینکنگ میں 15 ریٹنگ پوائنٹس چھلانگ لگا کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بدھ کو جاری کردہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی درجہ بندی کے مطابق بمراہ نے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے اسپن بولر روی چندرن اشون کی 2016 میں سب سے زیادہ 904 پوائنٹس کی درجہ بندی کو پیچھے چھوڑ کر یہ ریکارڈ بنایا ہے۔ بمراہ نے حال ہی میں ایشون کے ریکارڈ کی برابری کی تھی اور آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نیا ہندوستانی ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہے۔ بمراہ 907 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آل ٹائم فہرست میں انگلینڈ کے ڈیرک انڈر ووڈ کے ساتھ مشترکہ 17 ویں نمبر پر ہیں۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کیریئر کے بہترین 837 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آل راؤنڈرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ جنوبی افریقہ کے مارکو جینسن نے پہلی بار 800 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرکے پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عباس میچ میں سات وکٹیں لے کر رینکنگ میں دوبارہ 23ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ نسیم شاہ 6 درجے ترقی کے ساتھ 33 ویں، ڈین پیٹرسن آٹھ درجے بہتری کے ساتھ 46 ویں، آسٹریلیا کے اسکاٹ بولنڈ سات درجے ترقی کے ساتھ 38 ویں اور زمبابوے کے برائن بینیٹ 48 درجے ترقی کے ساتھ 94 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے بائیں ہاتھ کے بلے باز سعود شکیل دوسری اننگز میں 84 رنز بنانے کے بعد اپنے کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ اسٹیو اسمتھ 140 رنز بنانے کے بعد تین درجے ترقی کر کے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ہندوستان کے اوپنر یشسوی جیسوال کے 84 اور 82 رنز کی بدولت وہ اپنے کیریئر کے بہترین 854 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ سنچورین میں 89 اور 37 رنز کی اننگز کھیلنے والے جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈن مارکرم 8 درجے بہتری کے ساتھ 16 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ہندوستان کے نتیش کمار ریڈی شاندار سنچری کے بعد 20 درجے کی چھلانگ لگا کر 53 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔