دبئی، 9 جولائی (یو این آئی) ہندوستان کی مرد ٹیم کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ اور خواتین ٹیم کی اسٹار بلے باز اسمرتی مندھانا کو آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔منگل کو اس کا اعلان کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا کہ جسپریت بمراہ اور اسمرتی مندھانا کو جون کے مہینے میں ان کی بہترین کارکردگی پر یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ایک ہی ملک کی خواتین اور مرد کھلاڑیوں نے ایک ہی مہینے میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ بمراہ نے ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور افغانستان کرکٹ ٹیم کے رحمان اللہ گرباز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔جسپریت بمراہ نے ٹی-20 ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھ میچوں میں 4.17 کی اوسط سے گیندبازی کی اور 15 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ہندوستانی ٹیم کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز رہے۔ انہیں پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ اینریک نوٹرجے نے بھی ٹورنامنٹ میں 9 میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کیں۔ افغانستان کے فضل الحق فاروقی اور ہندوستان کے ارشدیپ سنگھ نے مشترکہ طورپر سب سے زیادہ 17-17 وکٹ حاصل کیں۔جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف اسمرتی مندھانا نے لگاتار دو ون ڈے میچوں میں دوسنچریاں (117) اور (136) بنائی تھیں۔ انہوں نے خواتین کے زمرے میں ویمنز پلیئر آف دی منتھ کے لئے انگلینڈ کی میا باوچیئر اور سری لنکا کی ویشمی گونارتنے کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ ایوارڈ جیتا۔ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے کے بعد بمراہ نے کہاجون کے لیے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ نامزد ہونے پر مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے۔ پچھلے کچھ دن ہمارے لیے بہت اچھے رہے ہیں۔ اچھی کارکردگی دکھا کر ٹورنامنٹ جیتنا ایک خاص احساس ہے، میں ان یادوں کو ہمیشہ اپنے پاس رکھوں گا۔ اس دوران میں کپتان روہت شرما اور رحمن اللہ گرباز کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد دیتا ہوں۔
آخر میں میں اپنے خاندان، ٹیم کے ساتھیوں اور کوچز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔