پرتھ، 22 نومبر (یو این آئی) جسپریت بمراہ (چار وکٹ)، محمد سراج (دو وکٹ) اور ہرشیت رانا (ایک وکٹ) کی شاندار گیند بازی نے ہندوستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں واپسی کرادی۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک ان تینوں گیند بازوں نے آسٹریلیا کے 67 رن اور سات وکٹ گرادئے ہیں اور وہ ابھی بھی پہلی اننگز میں ہندستان کے اسکور سے 83 رن پیچھے ہے۔ میچ کے تیسرے سیشن میں چائے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی آسٹریلیا کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ بمراہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 19 کے اسکور پر آسٹریلیا کے تین ٹاپ بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔ نیتھن میک سوینی (10)، عثمان خواجہ (آٹھ) اور اسٹیو اسمتھ (صفر) بمراہ کا شکار بنے۔ مارنس لیبوشن (دو) کو محمد سراج نے آؤٹ کیا۔ لیبوشن نے ٹیسٹ تاریخ کی سب سے سست اننگز کھیلی، انہوں نے 52 گیندوں میں صرف دو رن بنائے۔ ٹریوس ہیڈ (11) ہرشیت رانا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ مچل مارش (چھ) اور پیٹ کمنز (تین) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ 25ویں اوور میں ہندوستانی کپتان جسپریت بمراہ نے کپتان پیٹ کمنز کو پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر آسٹریلیا کو ساتواں جھٹکا دیا۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا نے 27 اووروں میں سات وکٹوں پر 67 رن بنا لیے ہیں اور ایلکس کیری (ناٹ آؤٹ 19) اور مچل اسٹارک (چھ ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود ہیں۔
ہندستان کی جانب سے جسپریت بمراہ (چار وکٹ)، محمد سراج (دو وکٹ) اور ہرشیت رانا (ایک وکٹ) حاصل کی۔ اس سے قبل جوش ہیزل ووڈ (چار وکٹوں) سمیت دیگر گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر آسٹریلیا نے ہندوستانی اننگز کو 150 کے اسکور پر سمیٹ دیا تھا۔ آج یہاں آپٹس اسٹیڈیم میں ہندوستانی کپتان جسپریت بمراہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آنے والی ہندوستانی ٹیم کی شروعات بہت خراب رہی؛ اس نے تیسرے اوور میں ہی اوپنر یاشاسوی جیسوال (0) کا وکٹ گنوا دیا۔ جیسوال کو مچل اسٹارک نے نیتھن میک سوینی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے دیو دت پڈیکل کو کے ایل راہل کے ساتھ جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ 11ویں اوور میں جوش ہیزل ووڈ نے دیودت پڈیکل (0) کو پویلین بھیجا۔ پیڈیکل نے 24 گیندیں کھیلی اور اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ وراٹ کوہلی (پانچ) بھی جوش ہیزل ووڈ کا شکار بنے۔ لنچ سے قبل مچل اسٹارک نے 23ویں اوور میں کے ایل راہول (26) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو بڑا جھٹکا دیا۔ دن کے پہلے سیشن کے اختتام پر ہندوستان 25 اووروں میں 51 رن پر چار ٹاپ بلے بازوں کی وکٹیں مشکل حالت میں تھا۔ لنچ کے بعد رشبھ پنت اور دھرو جورل نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور میں ابھی 12 رن کا اضافہ کیا تھا کہ مچل مارش نے دھرو جوریل (10) کو مارسن لیبوشن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ہندوستان کو پانچواں جھٹکا دیا۔
اس کے بعد 32ویں اوور میں واشنگٹن سندر (چار) کو بھی مچل مارش نے اپنا شکار بنایا۔ ایک وقت ہندوستان نے 73 رن پر چھ وکٹ گنوا دیے تھے۔ ایسے بحران میں بلے بازی کے لیے آئے نتیش کمار ریڈی نے رشبھ پنت کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 48 رن کی شراکت ہوئی۔ پیٹ کمنز نے 46ویں اوور میں رشبھ پنت (37) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد ہرشیت رانا (سات) اور کپتان جسپریت بمراہ (آٹھ) کو جوش ہیزل ووڈ نے اپنا شکار بنایا۔ ہندستان کی دسویں وکٹ نتیش کمار ریڈی کی صورت میں گری، انہوں نے ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رن (41) بنائے۔ پوری ہندوستانی ٹیم 49.4 اوور میں 150 کے اسکور پر سمٹ گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور مچل مارش نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔