میلبورن، 27 دسمبر (یو این آئی) آسٹریلیائی گیند بازوں پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ (دو -دو وکٹ) نے چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے آخری سیشن میں ہندوستان کے 164 کے اسکور پر پانچ وکٹ گرا کر ہندوستانی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ دن کے کھیل کے اختتام پر رشبھ پنت (ناٹ آؤٹ چھ) اور رویندر جڈیجہ (چار ناٹ آؤٹ) رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے اسٹیو اسمتھ (140) کی سنچری، عثمان خواجہ (57)، سیم کونسٹاس (60)، مارنس لیبوشین (72) اور کپتان پیٹ کمنز (49) رنوں کی اننگز کی بدولت 474 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔آسٹریلیا نے آج یہاں کل کے چھو وکٹ پر 311 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ رویندر جڈیجہ نے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز (49) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو ساتویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد جڈیجہ نے مچل اسٹارک (15) کو بھی اپنا شکار بنایا۔ اسٹیو اسمتھ کو آکاش دیپ نے بولڈ آؤٹ کیا۔ اسمتھ نے 197 گیندوں پر 140 رنز کی اننگ کھیلی۔ نیتھن لیون (13) کو بمراہ نے ایل بی ڈبلیو کرکے آسٹریلیا کی پہلی اننگ 474 کے اسکور پر ختم کردی۔ہندستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ رویندر جڈیجہ کو تین وکٹ ملے۔ آکاش دیپ نے دو اور واشنگٹن سندر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس کے بعد بلے بازی کرنے اتری ہندوستان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے صرف آٹھ رنز پر کپتان روہت شرما (تین) کا وکٹ گنوا دیا۔ روہت کو پیٹ کمنس نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد چائے کے وقت سے عین قبل کمنز نے کے ایل راہل (24) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی نے یشسوی جیسوال کے ساتھ اننگ کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 102 رنز کی شراکت ہوئی۔ اپنی سنچری کی طرف بڑھ رہے یشاسوی 41ویں اوور میں رن آؤٹ ہو گئے۔ یشاسوی نے 118 گیندوں میں 11 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 82 رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں اسکاٹ بولینڈ نے وراٹ کوہلی (36) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کوچوتھا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بولینڈ نے آکاش دیپ (زیرو) کو بھی اپنا شکار بنایا۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت ہندوستان نے پانچ وکٹوں پر 164 رنز بنائے ہیں اور رشبھ پنت (چھ ناٹ آؤٹ) اور رویندر جڈیجہ (چار ناٹ آؤٹ) رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔