پورٹ آف اسپین، 20 مئی (یو این آئی) ویسٹ انڈیز نے روومین پاول کی غیر موجودگی میں برینڈن کنگ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔ کنگ نیپال کے حالیہ دورے پر ویسٹ انڈیز اے کی قیادت کرنے کے لیے قطار میں تھے لیکن انہیں چوٹ کی وجہ سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔ چیف سلیکٹر ڈیسمنڈ ہینس نے کہا، “یہ ورلڈ کپ کے آغاز سے پہلے آخری ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز ہے۔ کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اس بات کو یقینی بنانے کا موقع ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، چاہے وہ فائنل اسکواڈ میں ہوں یا ریزرو پول میں۔ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے کہا، “ہم آسٹریلیا سیریز کے بعد سے ایک ٹیم کے طور پر ایک ساتھ نہیں کھیلے ہیں، لیکن ہم نے حال ہی میں انٹیگوا میں ایک انتہائی سخت تربیتی کیمپ مکمل کیا ہے۔ اب ہمارے پاس آئی پی ایل سے واپس آنے والے اپنے کچھ کھلاڑیوں کو متحد کرنے کا موقع ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس وقت ویسٹ انڈیز کے ریگولر کپتان روومین پاول راجستھان رائلز کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ٹیم میں کھیل رہے ہیں، ان کے علاوہ آندرے رسل (کولکتہ نائٹ رائیڈرز)، شمرون ہیٹمائر (راجستھان رائلز)، الزاری جوزف (رائل چیلنجرز بنگلور)) اور شیرفین ردرفورڈ (کے کے آر) ناک آؤٹ میں شامل ٹیموں میں ہونے کی وجہ سے اس سیریز میں نہیں کھیل سکیں گے۔ اس دوران لکھنؤ سپر جائنٹس اور دہلی کیپٹلس کی ٹیم میں شامل نکولس پورن اور شائی ہوپ کو آرام دیا گیا ہے۔ اگر جوزف اور رتھر فورڈ کی ٹیمیں آئی پی ایل فائنل میں نہیں پہنچتی ہیں تو انہیں ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ورلڈ کپ ٹیم میں شامل فاسٹ بولر شمر جوزف اس سیریز سے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کر سکتے ہیں۔جنوبی افریقہ کا سامنا کرنے کے بعد ویسٹ انڈیز 30 مئی کو آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم درج ذیل ہے:-برینڈن کنگ (کپتان)، روسٹن چیز، ایلک اتھاناز، جانسن چارلس، آندرے فلیچر، میتھیو فورڈ، جیسن ہولڈر، عقیل حسین، شمر جوزف، کائل میئرز، اوبید میک کوئے، گڈاکیش موتی، روماریو شیفرڈ اور ہیڈن والش۔