بیگوسرائے12مئی: لوک سبھا انتخابات کے درمیان مرکزی وزیر گریراج سنگھ نے مسلم خواتین کے حوالہ سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم خواتین ووٹ ڈالنے کے لئے برقع پہن کر جاتی ہیں، جس سے ووٹنگ کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم خواتین کو چہرہ دکھا کر ووٹ ڈالنے پر اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ مرکزی وزیر گریراج سنگھ نے کہا، ’’مسلم خاتون ووٹر ووٹ ڈالنے کے لئے بوتھ پر برقع پہن کر جاتی ہیں، جن کا چہرہ ڈھکا ہوتا ہے۔ پولنگ ایجنٹ کو ان کا چہرہ دیکھ کر پہچان کرنے کا حق ہوتا ہے۔ اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ خواتین برقع پہن کر جاتی ہیں، چہرہ ڈھکا ہوتا ہے اور اس سے ووٹنگ کا عمل متاثر ہوتا ہے۔‘‘ گریراج سنگھ نے مزید کہا، ’’لوگوں سے میری اپیل ہے کہ بوتھ پر اگر کوئی پولنگ ایجنٹ چہرہ دیکھ کر شناخت کرتا ہے تو اس کا برا نہیں ماننا چاہئے۔ میں الیکشن افسروں سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ الیکشن کمیشن کی یہ ہدایت ہے کہ اگر کسی ووٹر کا چہرہ پہچان میں نہیں آ رہا تو اس کا چہرہ دیکھ سکتے ہیں۔‘‘ خیال رہے کہ گریراج سنگھ ماضی میں کئی مرتبہ برقع کے خلاف بیان بازی کر چکے ہیں۔ سابقہ لوک سبھا انتخابات کے دوران انہوں نے برقع پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کی دلیل تھی کہ برقع کی آڑ میں کئی مقامات پر بم دھمالہ ہو چکے ہیں، اس لئے یقینی طور پر برقع پر پابندی عائد کی جانی چاہئے۔ گریراج سنگھ بی جے پی کے سینئر لیڈر ہیں اور مرکزی حکومت میں وزیر ہیں۔ بی جے پی نے انہیں بیگوسرائے لوک سبھا سیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔ اس سیٹ پر ان کا سامنا سی پی آئی کے لیڈر اودھیش کمار سے ہے، جو کہ مہاگٹھ بندھن کے امیدوار ہیں۔