برسبین، 18 دسمبر (یو این آئی)برسبین میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔ آکاش دیپ اور جسپریت بمراہ نے اسے ڈرا کرنے میں ہندوستان کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔ دونوں نے 10ویں وکٹ کے لیے 47 رنز کی شراکت داری کرکے ہندوستان کو فالو آن سے نجات دلائی۔اگر ٹیم انڈیا فالوآن کھیلتی اور دوسری اننگز میں جلد آل آؤٹ ہوجاتی تو آسٹریلیا کے پاس ہدف حاصل کرنے اور جیتنے کا سنہری موقع ہوتا۔ تاہم دونوں کی شراکت نے آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں بیٹنگ پر اترنے پر مجبور کیا اور ہندوستان کو میچ بچانے کے لیے بہتر وقت دیا۔قبل ازیں تیسرے ٹسٹ میچ کے پانچویں دن بدھ کو آسٹریلیا نے پہلی اننگز کی بنیاد پر 185 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگز سات وکٹوں پر 89 رنز پر ڈکلیئر کر دی اور ہندوستان کو ٹسٹ میچ جیتنے کیلئے 275 رنز کا ہدف دیا۔ ہندوستان نے آج یہاں نو وکٹ پر 252 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ٹیم کے اسکور میں مزید آٹھ رنز کا اضافہ ہوا جب ٹریوس ہیڈ نے آکاش دیپ کو وکٹ کیپر کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر کے ہندوستانی اننگز کا خاتمہ 260 کے اسکور پر کردیا۔ آکاش دیپ نے 44 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ وہیں جسپریت بمراہ 10 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کو پہلی اننگز کے اسکور کی بنیاد پر 185 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
اس کے بعد دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے آنے والی آسٹریلوی ٹیم تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں اپنی وکٹیں گنواتی رہی۔ عثمان خواجہ (آٹھ)، مارنس لبوشائن (ایک) کو بمراہ نے اپنا شکار بنایا۔ نیتھن میک سوینی (چار)، مچل مارش (دو) کو آکاش دیپ نے آؤٹ کیا۔ ٹریوس ہیڈ (17) اور اسٹیو اسمتھ (چار) کو محمد سراج نے آؤٹ کیا۔ 18ویں اوور میں بمراہ نے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز (22) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو ساتویں کامیابی دلائی۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 89 رنز پر ڈکلیئر کر دی۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے تین، آکاش دیپ اور محمد سراج نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 445 رنز بنائے تھے۔