ممبئی23اگست:مہاراشٹر کے بدلاپور سانحہ کے خلاف اپوزیشن اتحاد ’ایم وی اے‘ کے ذریعہ بلائے گئے مہاراشٹر بند کو شیوسینا یو بی ٹی نے واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے جمعہ کے روز یہ اعلان کیا اور کہا کہ بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے وہ بند واپس لے رہے ہیں، لیکن بدلاپور جنسی استحصال معاملہ کے خلاف ان کی پارٹی دو گھنٹے تک جگہ جگہ احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ ان کے کارکنان ہفتہ کی صبح 11 بجے سے کالی پٹی باندھ کر اپنا احتجاج درج کریں گے۔ ادھو ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ تحریک چلانا ہر پارٹی کا حق ہے، لیکن بامبے ہائی کورٹ نے بند کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ ہم اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل داخل کر سکتے تھے، لیکن وقت کم ہے۔ اس لیے عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے یہ بند واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل این سی پی (ایس پی) چیف شرد پوار نے بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ادھو ٹھاکرے سے اپیل کی تھی کہ وہ بند واپس لے لیں۔ کانگریس نے بھی اس بند سے اپنے ہاتھ پیچھے کھینچ لیے تھے، اور اب ادھو ٹھاکرے نے باضابطہ طور سے اس بند کو واپس لینے کا اعلان کر دیا۔ حالانکہ یہ ضرور کہا ہے کہ بدلاپور واقعہ میں قصورواروں کو سزا دلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کی پارٹی تحریک جاری رکھے گی۔ اس دوران ادھو ٹھاکرے نے بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے پر اعتراض بھی ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ قابل قبول نہیں ہے، لیکن عدالت کا احترام کرنا ہوگا۔