نئی دہلی 18مارچ:کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ’شکتی‘ والے اپنے بیان سے متعلق کھڑے ہوئے سیاسی تنازعہ کے پس منظر میں پیر کے روز پی ایم مودی پر شدید حملہ کیا۔ انھوں نے پیر کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کی باتوں کا مطلب بدلنے کی کوشش کی ہے، جبکہ انھوں نے جس ’شکتی‘ (طاقت) کا تذکرہ کیا تھا اس کا ’مکھوٹا‘ وزیر اعظم خود ہیں۔ راہل گاندھی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جس ’شکتی‘ کے خلاف وہ لڑنے کی بات کر رہے ہیں اس نے سبھی اداروں اور آئینی ڈھانچوں کو اپنے چنگل میں دبوچ لیا ہے۔ پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے اپنے پوسٹ میں راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’مودی جی کو میری باتیں اچھی نہیں لگتی ہیں، کسی نہ کسی طرح انھیں گھما کر وہ ان کا مطلب ہمیشہ بدلنے کی کوشش کرتے ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ میں ایک گہری حقیقت بیان کی ہے۔ جس شکتی کا میں نے تذکرہ کیا، جس شکتی سے ہم لڑ رہے ہیں، اس شکتی کا مکھوٹا مودی جی ہیں۔‘‘ اس پوسٹ میں وہ آگے لکھتے ہیں کہ ’’وہ ایک ایسی شکتی (طاقت) ہے جس نے آج ہندوستان کی آواز کو، ہندوستان کے اداروں کو، سی بی آئی، انکم ٹیکس محکمہ، ای ڈی، الیکشن کمیشن، میڈیا، ہندوستان کی صنعتی دنیا اور ہندوستان کے سموچے آئینی ڈھانچے کو ہی اپنے چنگل میں دبوچ لیا ہے۔‘‘ راہل گاندھی ساتھ ہی یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ’’اسی شکتی کے لیے نریندر مودی جی ہندوستان کے بینکوں سے ہزاروں کروڑ روپے کے قرض معاف کراتے ہیں جب کہ ہندوستان کا کسان کچھ ہزار روپے کا قرض نہ ادا کر پانے کے سبب خودکشی کرتا ہے۔ اسی شکتی کو ہندوستان کے بندرگاہ، ہندوستان کے ہوائی اڈے دیے جاتے ہیں، جبکہ ہندوستان کے نوجوان کو اگنی ویر کا تحفہ دیا جاتا ہے جس سے اس کی ہمت ٹوٹ جاتی ہے۔‘‘