بھوپال:07؍جنوری:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش کو بجلی کے میدان میں ایک مثالی ریاست بنائیں۔ ایسا ایکشن پلان بنائیں کہ صارفین پر بوجھ بڑھائے بغیر بجلی سبسڈی کا بوجھ کم کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ ہدایات منترالیہ میں محکمہ توانائی کے جائزہ کے دوران دیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ تینوں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے علاقوں میں اسمارٹ میٹر لگانے کے کام میں تیزی لائی جائے۔ صارفین کو اس کے فوائد سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جلے ہوئے اور خراب ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کو مقررہ وقت کے اندر تبدیل کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ افسران اور ملازمین کی کمی کو پورا کرنے کے لیے تمام پاور کمپنیوں کے تنظیمی ڈھانچے (او ایس) کے لیے تجویز پیش کریں۔ جلد ہی اس کی منظوری دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست کے 30 لاکھ کسانوں کو شمسی توانائی سے جوڑنے کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے ایک منصوبہ بند ایکشن پلان بنائیں۔ اس کی مدت مقرر ہوناچاہئے۔ اس سے بجلی کی سبسڈی میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو دن کے وقت آبپاشی کے لیے بجلی فراہم کروائیں۔
وزیر توانائی مسٹرپردیومن سنگھ تومر نے تنظیمی ڈھانچے کو منظوری دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ٹرانسفارمرز اور بجلی کی لائنوںکے مینٹینینس کا کارمنصوبہ بنانے اور غیر قانونی بستیوں میں رہنے والے لوگوں کو بجلی کے کنکشن دینے کی بات کہی۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ آر ڈی ایس ایس اسکیم کے تحت 12 لاکھ 57 ہزار سے زائد اسمارٹ میٹر لگائے گئے ہیں۔ مشرقی زون بجلی سپلائی کمپنی کی جانب سے 6 لاکھ 70 ہزار 644 اسمارٹ میٹرز، سینٹرل زون بجلی سپلائی کمپنی کی جانب سے 77 ہزار 100 اور مغربی زون بجلی سپلائی کمپنی کی جانب سے 5 لاکھ 9 ہزار 338 اسمارٹ میٹرز لگائے گئے ہیں۔ میٹنگ میں اٹل گرہ جیوتی، اٹل کسان جیوتی یوجنا اور دیگر اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ضروری ہدایات دی گئیں۔