واشنگٹن، 8 مارچ (یو این آئی) باکسنگ کی دنیا کے سابق ہیوی ویٹ ورلڈ چیمپئن مائیک ٹائیسن کئی برس بعد ایک بار پھر رنگ میں واپس آرہے ہیں۔لیجنڈری باکسر یوٹیوبر سے باکسر بننے والے جیک پال سے مقابلے کے لیے رنگ میں اتریں گے۔دونوں کے درمیان یہ باکسنگ میچ 20 جولائی کو ڈیلاس کے اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم میں ہوگا، جسے اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر لائیو نشر کیا جائے گا۔یہ اسٹریمنگ پلیٹ فارم میں کسی اسپورٹس ایونٹ کی پہلی لائیو نشریات ہوگی۔ مائیک ٹائیسن کی عمر 57 سال جبکہ جیک پال کی 27 سال ہے۔ جیک پال نے گزشتہ سال ایک باکسر اور رئیلٹی ٹی وی اسٹار ٹومی فیوری سے بھی مقابلہ کیا تھا جس میں انہیں شکست کا سامنا ہوا تھا، مگر اس مقابلے سے انہیں 90 لاکھ ڈالرز کی آمدنی ہوئی تھی۔مجموعی طور پر وہ 10 باکسنگ مقابلوں کا حصہ بن چکے ہیں جن میں سے 9 میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی اور وہ اب ورلڈ چیمپئن بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ‘میں ورلڈ چیمپئن بننے کا خواہشمند ہوں اور اب مجھے تاریخ کے بہترین ہیوی ویٹ چیمپئن کے خلاف خود کو ثابت کرنے کا موقع ملا ہے جن کو تاریخ کا خطرناک ترین باکسر بھی قرار دیا جاتا ہے۔مائیک ٹائیسن سے مقابلے کے لیے انہیں زیادہ معاوضہ ملنے کا امکان ہے۔مائیک ٹائیسن نے اس حوالے سے کہا کہ جیک پال گزشتہ برسوں میں اچھے باکسر کے طور پر ابھرے ہیں اور ان سے مقابلہ کافی پرلطف ہوگا۔
اپنے عروج کے دوران میں مائیک ٹائیسن تاریخ کے سب سے تباہ کن ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن کہلاتے تھے جو بہت برے انداز سے اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کرتے تھے۔ان کا آخری مقابلہ 2020 میں ہوا تھا جو ایک اور سابق چیمپئن روئے جونز جونئیر کے خلاف نمائشی میچ تھا جو برابر رہا تھا۔ان کی آخری پروفیشنل فائٹ 2005 میں آئرش باکسر کیون میک برائیڈ سے ہوئی تھی جس میں انہیں شکست کا سامنا ہوا تھا۔مائیک ٹائیسن نے اپنے کیرئیر میں 58 مقابلوں میں شرکت کی اور 50 میں کامیابی حاصل کی، جن میں سے 44 میں انہوں نے اپنے حریف کو ناک آؤٹ کیا۔