چیسٹر لی اسٹریٹ، 25 ستمبر (یو این آئی) انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک (ناٹ آؤٹ 110) اور ول جیکس (84) کی شاندار اننگز کے بعد اور بارش کی وجہ سے آسٹریلیا کو تیسرے ایک روزہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس رولز سے 46 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس کے ساتھ ہی انگلینڈ نے آسٹریلیا کی مسلسل 14 میچ کی جیت کے بعد اس کے رتھ کو روک دیا ہے۔منگل کی شب کھیلے گئے میچ میں 305 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے 11 کے اسکور پر اپنے دونوں سلامی بلے بازوں کے وکٹیں گنوا دیں۔ فل سالٹ (0) اور بین ڈکٹ (8) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دونوں بلے بازوں کو مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد ول جیکس اور کیپٹن ہیری بروک نے محاذ سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے تیسرے وکٹ کے لیے 156 رنز جوڑے۔ 28ویں اوور میں کیمرون گرین نے ول جیکس 82 گیندوں میں (84) کو آؤٹ کیا۔ چوتھے وکٹ کی صورت میں جیمی اسمتھ (7) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ جب 37.4 اوورز میں بارش شروع ہوئی تو کپتان ہیری بروک 94 گیندوں میں (ناٹ آؤٹ 110) اور لیام لیونگسٹن 20 گیندوں پر (ناٹ آؤٹ 33) کریز پر موجود تھے اور انگلینڈ نے چار وکٹوں پر 254 رنز بنالئے تھے۔ بارش کی وجہ سے کھیل دوبارہ شروع نہ ہونے کی وجہ سے انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس رول کے مطابق 46 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔
110 رنز کی ناقابل شکست سنچری کھیلنے والے ہیری بروک کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تاہم اس شکست کے باوجود آسٹریلیا کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور کیمرون گرین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ایلکس کیری (ناٹ آؤٹ 77) اور اسٹیو اسمتھ (60) کی شاندار اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 305 رنز کا ہدف دیا۔ ریور سائیڈ گراؤنڈ پر انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہیں تھا اور ایک موقع پر اس نے 47 کے سکور پر اپنی دونوں وکٹیں گنوا دیں۔ چوتھے اوور میں میتھیو شارٹ (14) اوراور 11ویں اوور میں کپتان مچل مارش (24) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور کیمرون گرین نے اننگ کو سنبھالا اور تیسرے وکٹ کے لیے 84 رنز جوڑے۔ 27ویں اوور میں جیکب بیتھل نے کیمرون گرین (42) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو تیسرا جھٹکا دیا۔ اگلے ہی اوور میں مارنس لیبشگن (0) پویلین لوٹ گئے ۔ گلین میکسویل نے 25 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ ایرون ہارڈی نے 26 گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے لگا کر 44 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ایلکس کیری نے 65 گیندوں میں سات چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے (ناٹ آؤٹ 77) رن بنائے۔ شان ایبٹ (دو) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں پر 304 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ بریڈن کارس، جیکب بیتھل، ول جیکس اور لیام لیونگسٹن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔