چنڈی گڑھ، 25 نومبر (یو این آئی) پنجاب میں نیا صدر اور ورکنگ صدر ملنے اور ضمنی انتخابات میں تین سیٹوں پر زبردست جیت کے جشن میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) منگل کو پٹیالہ سے امرتسر تک شکرانہ یاترا نکالے گی۔اے اے پی لیڈر اور پنجاب حکومت میں کابینہ کے وزیر ترون پریت سنگھ سونڈ نے پیر کو پارٹی دفتر، چنڈی گڑھ میں ایک پریس کانفرنس میں میڈیا کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ یاترا پٹیالہ کے مشہور کالی ماتا مندر سے شروع ہوگی اور سری دربار صاحب، درگیانہ مندر سے ہوتی ہوئی امرتسر کے شری رام تیرتھ مندر تک جاری رہے گی۔مسٹر سوندھ نے کہا کہ یاترا صبح 9 بجے پٹیالہ کالی ماتا مندر سے شروع ہوگی اور سرہند، منڈی گوبند گڑھ، کھنہ، دورہہ، لدھیانہ، لاڈووال ٹول پلازہ، فلور، پھگواڑہ، جالندھر اور کرتار پور صاحب سے ہوتی ہوئی سچکھنڈ سری دربار صاحب پہنچے گی۔ وہاں ارداس کرنے کے بعد درگیانہ مندر میں متھا ٹیکیں گے، پھر والمیکی رامتیرتھ مندر میں جا کر یاترا کا اختتام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں زبردست کامیابی کے بعد پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ لوگوں نے ایک بار پھر بڑی حمایت دے کر اے اے پی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس کے لیے ہم تمام لوگوں کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں۔