نئی دہلی10فروری: ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کے سینٹرل بورڈ آف ٹرسٹیز (سی بی ٹی) نے 2023-24 کے لیے ای پی ایف اکاؤنٹ کے لیے شرح سود میں اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اب ملازمین کو پہلے کے مقابلے 0.10 فیصد زیادہ یعنی 8.25 فیصد سود دیا جائے گا۔ ای پی ایف او نے پچھلے سال 28 مارچ کو 2022-23 کے لیے ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ اکاؤنٹس کے لیے 8.15 فیصد شرح سود کا اعلان کیا تھا، جبکہ مالی سال 2022 کے لیے 8.10 فیصد سود دیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق سنٹرل بورڈ آف ٹرسٹیز (سی بی ٹی)، جو ای پی ایف او کی اعلیٰ فیصلہ ساز ادارہ ہے، نے ہفتہ کو اپنی میٹنگ میں 2023-24 کے لیے ای پی ایف پر 8.25 فیصد شرح سود دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی بی ٹی کے فیصلے کے بعد، 2023-24 کے لیے ای پی ایف ڈپازٹس پر سود کی شرح کو منظوری کے لیے وزارت خزانہ کو بھیجا جائے گا۔ ای پی ایف او نے مارچ 2022 میں 2021-22 کے لیے ای پی ایف پر سود کو کم کر کے تقریباً 7 کروڑ ملازمین کے لیے 8.1 فیصد کی چار دہائیوں کی کم ترین سطح پر کر دیا تھا، جو 2020-21 میں 8.5 فیصد تھا۔ سود میں کٹوتی کے بعد ای پی ایف کا سود 1977-78 کے بعد سب سے کم ہو گیا تھا۔ مالی سال 1977-78 میں ای پی ایف کی شرح سود 8 فیصد تھی۔ 2020-21 کے لیے ای پی ایف ڈپازٹ پر 8.5 فیصد سود کی شرح سی بی ٹی نے مارچ 2021 میں طے کی تھی۔ ای پی ایف او نے مارچ 2020 میں بھی 2019-20 کے لیے پراویڈنٹ فنڈ ڈپازٹ پر سود کی شرح کو گھٹا کر سات سال کی کم ترین سطح 8.5 فیصد کی پر کر دیا تھا، جو کہ 2018-19 کے لیے 8.65 فیصد تھا۔ ای پی ایف او نے 2016-17 میں اپنے صارفین کو 8.65 فیصد اور 2017-18 میں 8.55 فیصد شرح سود دی تھی۔ جبکہ 2015-16 میں شرح سود قدرے زیادہ 8.8 فیصد تھی۔ اس کے علاوہ ای پی ایف او نے 2013-14 کے ساتھ ساتھ 2014-15 میں بھی 8.75 فیصد شرح سود دی تھی۔