نئی دہلی 29نومبر:کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی ایک اہم میٹنگ جمعہ کے روز دہلی میں منعقد ہوئی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی، پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، کے سی وینوگوپال، جئے رام رمیش سمیت کئی سرکردہ لیڈران نے شرکت کی۔ کھڑگے نے اس میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حال میں ہوئے اسمبلی انتخاب کے نتائج سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حالانکہ انھوں نے پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے اوپر سے لے کر نیچے تک تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا۔ کانگریس صدر کھڑگے نے آج ایک بار پھر ای وی ایم پر سوال اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ ای وی ایم نے انتخابی عمل کو مشتبہ بنا دیا ہے، الیکشن کمیشن کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخاب یقینی بنانا چاہیے۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخاب میں کوئی بھی ریاضی برآمد نتائج کو درست نہیں ٹھہرا سکتا۔ لوک سبھا انتخاب میں جس طرح سے مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) نے مظاہرہ کیا، اس حساب سے اسمبلی انتخاب کے نتائج دیکھ کر سیاسی پنڈت بھی حیران ہیں۔ ایسے میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخاب یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ اپنے خطاب میں کھڑگے نے وائناڈ سے پرینکا گاندھی اور ناندیڑ سے رویندر چوہان کے لوک سبھا ضمنی انتخاب جیتنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’سب کو یہ سوچنے کی درکار ہے کہ کانگریس پارٹی کی جیت میں ہی ہم سب کی جیت ہے اور شکست میں ہم سب کی شکست ہے۔ پارٹی کی طاقت سے ہی ہماری طاقت ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہمیں فوراً انتخابی نتائج سے سبق لیتے ہوئے تنظیمی سطح پر اپنی سبھی کمزوریوں اور خامیوں کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔